نیوٹیک نے تکنیکی و پیشہ وارانہ مہارتوں کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو قومی سطح پر مصدقہ ممتحن بننے کا موقع فراہم کرتے ہوئے درخواستیں طلب کر لیں

نیوٹیک کا قومی سطح پر مصدقہ نیشنل اسیسر بننے کے لیے ماہرین سے درخواستیں طلب کرنے کا اعلان

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن (نیوٹیک) نے تکنیکی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کے شعبے سے وابستہ ماہرین کو قومی سطح پر مصدقہ ممتحن (نیشنل اسیسر) بننے کا موقع فراہم کرتے ہوئے درخواستیں طلب کر لی ہیں۔

اس پروگرام کے تحت کامیاب امیدوار بین الاقوامی معیار کے مطابق مہارتوں کی جانچ اور سرٹیفکیشن کے عمل میں حصہ لے سکیں گے۔ نیوٹیک کے مطابق نیشنل اسیسرز کی رجسٹریشن سعودی عرب کے تکامل سکلز ویریفیکیشن پروگرام (SVP) کے اشتراک سے کی جا رہی ہے جس کا مقصد پاکستانی ہنرمند افرادی قوت کی مہارتوں کی جانچ اور تصدیق کے نظام کو مزید مضبوط بنانا ہے۔ منتخب اسیسرز ملک بھر کے منظور شدہ مراکز میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی عملی اور قابلیت پر مبنی جانچ کریں گے۔متعلقہ شعبوں میں مہارت اور تجربہ رکھنے والے امیدوار 22 جون 2026 تک آن لائن درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔ درخواست گزاروں کو تعلیمی اسناد، تجرباتی سرٹیفکیٹس اور دیگر مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنا ہوں گی۔ نیوٹیک نے دلچسپی رکھنے والے ماہرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ مقررہ مدت کے اندر نیشنل اسیسر پورٹل پر رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ انہیں قومی اور بین الاقوامی سطح پر مہارتوں کی تشخیص اور سرٹیفکیشن کے عمل کا حصہ بننے کا موقع حاصل ہو سکے۔ درخواستیں آن لائن پورٹل nap.navttc.gov.pk کے ذریعے جمع کرائی جا سکتی ہیں۔