6 محرم الحرام کے جلوس کے موقع پر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے صفائی و ستھرائی، نکاسی آب اور جلوس کے راستوں کی دیکھ بھال کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات کو عزاداران، شہریوں اور مذہبی شخصیات نے بھرپور سراہتے ہوئے انتظامیہ کی کارکردگی کو قابل تقلید قرار دیا ہے
محرم کے جلوس پر مثالی صفائی انتظامات، عزاداران اور مذہبی شخصیات کا راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کو خراج تحسین
راولپنڈی۔22جون (اے پی پی):6 محرم الحرام کے جلوس کے موقع پر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کی جانب سے صفائی و ستھرائی، نکاسی آب اور جلوس کے راستوں کی دیکھ بھال کے لیے کیے گئے خصوصی انتظامات کو عزاداران، شہریوں اور مذہبی شخصیات نے بھرپور سراہتے ہوئے انتظامیہ کی کارکردگی کو قابل تقلید قرار دیا ہے۔محرم الحرام کے جلوس کے دوران راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کا صفائی عملہ تمام روٹس پر ہمہ وقت متحرک رہا۔ کچرے کی بروقت تلفی، نالیوں کی صفائی، سڑکوں کی دھلائی اور جلوس کے راستوں کی مسلسل نگرانی کو یقینی بنایا گیا جس کے باعث عزاداران کو صاف، ستھرا اور محفوظ ماحول میسر آیا۔ انتظامیہ کی جانب سے جلوس کے آغاز سے قبل اور دوران جلوس خصوصی صفائی مہم بھی جاری رکھی گئی تاکہ کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔مذہبی و سماجی حلقوں نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، اسسٹنٹ کمشنر کینٹ، متعلقہ افسران، صفائی عملے اور ایریا سپروائزرز کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ 6 محرم الحرام کے موقع پر بہترین انتظامات انتظامیہ کی ذمہ داری، پیشہ ورانہ صلاحیت اور عوامی خدمت کے جذبے کا واضح ثبوت ہیں۔
دریں اثناء دربار عالیہ سید سخی شاہ پیارا کاظمی المشہدی سرکار کے متولی و سجادہ نشین باوا سید قاسم علی شاہ کاظمی المشہدی اور سید اظہار شاہ نقوی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ محرم الحرام سے قبل اور دوران محرم عزاداران کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات قابل ستائش ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صفائی و ستھرائی، نکاسی آب اور جلوسوں کے راستوں پر خصوصی توجہ کے باعث عزاداران کو بہتر، صاف ستھرا اور پرامن ماحول میسر آ رہا ہے جس پر راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ مبارکباد کا مستحق ہے۔انہوں نے راولپنڈی کنٹونمنٹ بورڈ اور ضلعی انتظامیہ کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں بھی مذہبی اجتماعات، قومی مواقع اور عوامی تقریبات کے دوران اسی جذبے، محنت اور لگن کے ساتھ شہریوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو ہر موقع پر ایک محفوظ، صاف اور خوشگوار ماحول میسر آ سکے۔









