نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارسے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ کی ملاقات
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارسے چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ کی ملاقات
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارسے پیر کو پاکستان میں چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے ملاقات کی۔نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن سٹاک میں اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عمل درآمد کے حوالے سے ہونے والے اعلیٰ سطحی مذاکرات کی پیش رفت سے چینی سفیر کو آگاہ کیا۔ انہوں نے اپنے حالیہ دور قاہرہ کا بھی ذکر کیا جہاں انہوں نے مصر، سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ کے ہمراہ آر-4 علاقائی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کی۔
پیر کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اس اجلاس کا مقصد مکالمے کے فروغ اور مسائل کے پرامن حل کے لیے مشترکہ کوششوں کو آگے بڑھانا تھا۔پاکستان کی امن کوششوں کے لیے چین کی مستقل حمایت کو سراہتے ہوئے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے امن عمل میں چین کے اہم کردار بالخصوص صدر شی جن پنگ کی چار نکاتی تجویز اور چین۔پاکستان پانچ نکاتی اقدام کی تعریف کی۔
چینی سفیر نے کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے کامیاب کردار کو سراہتے ہوئے خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے پاکستان کی ثالثی کی کوششوں کی بھرپور حمایت کا اعادہ کیا۔دونوں فریقوں نے اس امر پر زور دیا کہ تمام حل طلب مسائل کے پرامن تصفیے کے لیے مسلسل سفارتی روابط، مکالمے اور مذاکرات ناگزیر ہیں۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے امن، استحکام اور مشترکہ ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے چین کے ساتھ مسلسل مشاورت اور تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے پاکستان اور چین کے مابین ہر موسم میں قائم سٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔









