سعید انور کا روحانی پیغام، حقیقی کامیابی اللہ کی اطاعت اور نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل میں ہے
حقیقی اور دیرپا کامیابی صرف اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے، سعید انور
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق مایہ ناز کھلاڑی اور معروف اسلامی مبلغ سعید انور نے کہا ہے کہ حقیقی اور دیرپا کامیابی صرف اللہ تعالیٰ کی اطاعت اور حضور نبی اکرم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے سے ہی حاصل کی جا سکتی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ پاکستان کی ترقی، استحکام اور خوشحالی اسلامی اقدار، اخلاقی اصلاح اور اللہ تعالیٰ سے مضبوط تعلق میں مضمر ہے۔وہ پیر کو اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ سعید انور نے کہا کہ قرآن مجید انفرادی اور اجتماعی زندگی کی کامیابی کے لئے مکمل ضابطہ حیات فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اللہ تعالیٰ کی رضا کے لئے اپنی زندگیاں وقف کرتے ہیں، اعلیٰ اخلاقی اقدار کو فروغ دیتے ہیں اور معاشرے کی بہتری کے لئے کردار ادا کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ انہیں امن، خوشحالی اور اپنی خصوصی رہنمائی سے نوازتا ہے۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اپنے گناہوں سے توبہ کریں، اپنے کردار و اعمال کی اصلاح کریں اور نماز، ذکرِ الٰہی اور اسلامی تعلیمات پر عملی طور پر عمل پیرا ہو کر اللہ تعالیٰ سے اپنا تعلق مضبوط بنائیں۔ انہوں نے زکوٰۃ کی ادائیگی، فلاحی سرگرمیوں کی حمایت، نیکی کے فروغ اور برائی کی حوصلہ شکنی کو ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کی بنیادی ضرورت قرار دیا۔اس موقع پر اپنے استقبالیہ خطاب میں صدر آئی سی سی آئی سردار طاہر محمود نے سعید انور کی دینی شعور، اخلاقی اقدار اور مثبت سماجی رویوں کے فروغ کے لئے خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایسی فکری و اصلاحی نشستیں افراد کو قومی یکجہتی، اخلاقی طرزِ عمل اور اجتماعی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کرنے کی ترغیب دیتی ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آئی سی سی آئی سماجی بہبود، کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور قومی خوشحالی کے فروغ کے لئے اپنی معاونت جاری رکھے گا تاکہ ایک مضبوط، ذمہ دار اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر ممکن بنائی جا سکے۔تقریب کے اختتام پر سینئر نائب صدر طاہر ایوب نے مہمانِ خصوصی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کے فکر انگیز خطاب نے شرکاء کو قیمتی دینی رہنمائی فراہم کی ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ آئی سی سی آئی آئندہ بھی ایسی بامقصد اور اصلاحی تقریبات کا انعقاد جاری رکھے گا۔ تقریب میں نائب صدر عرفان چوہدری، ایگزیکٹو ممبران عبدالعزیز ملک، وسیم چوہدری، ذوالقرنین عباسی، اسحاق سیال، عقیل ملک، نجیب الٰہی ملک، روحیل انور بٹ، راجہ نوید ستی، سابق سینئر نائب صدور نوید ملک اور خالد چوہدری ، کنوینئر آئی سی سی آئی سٹینڈنگ کمیٹی برائے مذہبی امور طارق نصرت وانی سمیت کاروباری برادری کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اپنے خطاب کے اختتام پر سعید انور نے پاکستان کے امن، اتحاد اور خوشحالی کے لئے خصوصی دعا کی اور امید ظاہر کی کہ ملک اسلامی اصولوں اور اللہ تعالیٰ سے مخلصانہ وابستگی کے ذریعے ترقی و استحکام کی نئی منزلیں طے کرے گا۔ تقریب کی نظامت کے فرائض سابق سینئر نائب صدر محمود احمد وڑائچ نے انجام دیئے۔









