محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 کی ایمرجنسی و میڈیکل کور کے انتظامات مکمل، پنجاب بھر میں بریفنگ کا سلسلہ جاری
پنجاب بھرمیں 9 اور 10محرم الحرام کے موقع پر ریسکیو 1122 ہائی الرٹ
لاہور۔22جون (اے پی پی):سیکرٹری محکمہ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر نے پنجاب کے تمام اضلاع میں محرم الحرام کے ماتمی جلوسوں اور عزاداروں کو ایمرجنسی و میڈیکل کور فراہم کرنے کے لیے ریسکیو 1122 کے انتظامات کی بریفنگ لی۔
انہوں نے تمام اضلاع کے کنٹرول رومز اور ایمرجنسی سروسز ہیڈ کوارٹرز لاہور میں قائم صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر کی مانیٹرنگ اور فوری رسپانس میکنزم کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز کو ہدایات کیں کہ وہ مجالس اور امامیہ اسکاٹس/کمیونٹی ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے نمائندوں کے ساتھ تیاری، باہمی تعاون اور کوارڈینیشن کے اہم امور کا جائزہ لیں اور تمام جلوسوں / اجتماعات کے راستوں کے ساتھ ساتھ متبادل روڈ کا بھی بروقت جائزہ لیں تاکہ عوام کو بہتر ایمرجنسی سروسز فراہم کی جاسکیں۔ ان خیالات کا اظہار سیکرٹری ایمرجنسی سروسزنے ریسکیو ہیڈ کوارٹرز میں آن لائین منعقدہ جائزہ اجلاس میں کیاجس میں ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے ڈائریکٹرز اور ونگز کے سربراہان، ہیڈ آف آپریشنز اور پنجاب بھر کے ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔قبل ازیں ،ہیڈ آف آپریشنز نے سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے مطابق تمام اضلاع میں ریسکیورز، محرم الحرام کے لیے خصوصی ریسکیو میڈیکل کور پلان کے مطابق ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں اور جس کے مطابق نو اور دس محرم کے دوران 12000 سے زائد ریسکیورز کو تین شفٹوں میں تعینات کیا جائے گا اس کے علاوہ مجالس/جلوس کے قریب خصوصی ریسکیو میڈیکل پوسٹیں بنائی جائیں گیں تاکہ ہنگامی صورتحال میں اعزاداروں کو فوری ریسکیو سروسز فراہم کی جا سکیں۔ بریفنگ کے دوران انہوں نے بتایا کہ ماتمی جلوسوں، اعزاداروں اور ایمرجنسی سروسز کے لیے صوبہ بھر میں 896 ایمبولینسز، 2300 ریسکیو موٹر بائیکس، 316 فائر اینڈ ریسکیو ایمرجنسی گاڑیاں تعینات ہوں گی جبکہ صوبائی دارالحکومت لاہور میں محرم کے دوران 1300 سے زائد ریسکیورز، 59 ایمرجنسی ایمبولینسز، 300 ریسکیو موٹر بائیکس، 44 فائر اینڈ ریسکیو اور خصوصی ایمرجنسی گاڑیاں خصوصی ڈیوٹی سرانجام دیں گی۔پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) صوبہ بھر میں منعقد ہونے والی 37,868 مجالس اور 9,412 جلوسوں کو ریسکیو و میڈیکل کور فراہم کر رہی ہے۔ سب سے زیادہ 4,196 مجالس صوبائی دارلحکومت لاہور میں منعقد ہوں گی جبکہ سرگودھا میں 2,404، راولپنڈی میں 2,138، راجن پور میں 1,934، جھنگ میں 1,902، گوجرانوالہ میں 1,680، ملتان میں 1,533 اور بھکر میں 1,478 مجالس منعقد ہوں گی۔ اسی طرح سب سے زیادہ 659 جلوس سرگودھا میں برآمد ہوں گے جبکہ جھنگ میں 493، ملتان میں 484، گوجرانوالہ میں 473، لاہور اور مظفرگڑھ میں 459، 459، ڈیرہ غازی خان میں 456 اور فیصل آباد میں 443 جلوس نکالے جائیں گے۔ محرم الحرام کے دوران ریسکیو 1122 ہائی الرٹ رہے گی اور صوبہ بھر میں مذہبی اجتماعات اور جلوسوں کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے میڈیکل کور اور مربوط ایمرجنسی رسپانس کو یقینی بنائے گی۔سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر کو صوبائی دارالحکومت کے لیے پنجاب ایمرجنسی سروس کی تعیناتی کے پلان کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ بریفنگ کے مطابق کربلا گامے شاہ، امامیہ کالونی، نثار حویلی اور لاہور کے دیگر حساس مقامات پر خصوصی ریسکیو ٹیمیں میڈیکل کٹ کے ساتھ تعینات ہوں گی۔ مزید برآں، اضافی ریسکیو ٹیمیں بھی سٹینڈ بائی موجود رہیں گی تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں انہیں بلایا جا سکے۔ پلان کے مطابق، تمام موبائل پوسٹیں اور ایمبولینسز میڈیکل کٹس کے ساتھ جلوس کے ساتھ ساتھ چلتی رہیں گی تاکہ اعزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم کی جا سکے۔ ڈاکٹر رضوان نصیر نے بتایا کہ محرم کی ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ معمول کی امدادی کارروائیاں بھی جاری رہیں گی اور عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر 1122 ڈائل کریں۔









