ایسٹ ویسٹ سینٹر ایلومنائی ایسوسی ایشن (ای ڈبلیو سی اے) اسلام آباد چیپٹر نے سال 2026-27 کے لیے اپنی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ طیبہ عزیز گل کو صدر (چیپٹر لیڈر)، ڈاکٹر اسد غفران کو نائب صدر اور فیض محمد پراچہ کو مسلسل دوسری مدت کے لیے سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا ہے
ای ڈبلیو سی اے اسلام آباد چیپٹر نے سال 2026-27 کے لیے اپنی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کا اعلان کر دیا
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):ایسٹ ویسٹ سینٹر ایلومنائی ایسوسی ایشن (ای ڈبلیو سی اے) اسلام آباد چیپٹر نے سال 2026-27 کے لیے اپنی نئی ایگزیکٹو کمیٹی کا اعلان کر دیا ہے۔ طیبہ عزیز گل کو صدر (چیپٹر لیڈر)، ڈاکٹر اسد غفران کو نائب صدر اور فیض محمد پراچہ کو مسلسل دوسری مدت کے لیے سیکرٹری جنرل منتخب کیا گیا ہے جبکہ ثناء جونیجو، محمد اشرف، طاہر امین اور علی جابر ایگزیکٹو ممبران منتخب ہوئے ہیں۔ نامزدگیوں کے عمل کی تکمیل کے بعد تمام امیدوار بلا مقابلہ منتخب قرار پائے۔ نو منتخب قیادت نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ اسلام آباد، خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان میں مقیم ایسٹ ویسٹ سینٹر کے سابق شرکا کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ پیشہ ورانہ، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کرے گی۔ چیپٹر کا مقصد رضاکارانہ خدمات، قیادت سازی، علم کے تبادلے اور باہمی روابط کے مواقع کو مزید وسعت دینا ہے۔
اس موقع پر صدر طیبہ عزیز گل نے کہا کہ نئی ٹیم ممبران کی فعال شمولیت کو یقینی بنانے اور سال بھر باقاعدہ سرگرمیوں کے انعقاد کے لیے کام کرے گی تاکہ ایلومنائی کمیونٹی کے درمیان تعاون اور روابط کو فروغ دیا جا سکے۔ سیکرٹری جنرل فیض پراچہ نے کہا کہ چیپٹر خدمت، دوستی اور مسلسل سیکھنے کی اپنی روایات کو مزید مضبوط بناتے ہوئے تعلیمی آگاہی، نوجوانوں کی رہنمائی اور سماجی سرگرمیوں کے لیے مختلف اداروں کے ساتھ تعاون کو فروغ دے گا۔ ای ڈبلیو سی اے اسلام آباد چیپٹر اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے ان افراد پر مشتمل ہے جنہوں نے ایسٹ ویسٹ سینٹر کے تعلیمی، پیشہ ورانہ اور قائدانہ پروگراموں میں شرکت کی ہے۔ نو منتخب ایگزیکٹو کمیٹی نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ وہ مشترکہ کوششوں کے ذریعے پاکستان میں ایلومنائی روابط، کمیونٹی سروس اور باہمی تعاون کے ایک فعال پلیٹ فارم کے طور پر چیپٹر کے کردار کو مزید مضبوط بنائے گی۔









