چیئرمین سینیٹ کی گلگت بلتستان اسمبلی کی نئی قیادت کو مبارکباد، سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے انتخاب کو سراہا
چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کی گلگت بلتستان اسمبلی کی نئی پارلیمانی قیادت کو مبارکباد
اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):چیئرمین سینیٹ سینیٹر سید یوسف رضا گیلانی نے گلگت بلتستان اسمبلی میں نئی پارلیمانی قیادت کے انتخاب پر نو منتخب سپیکر عمران ندیم اور ڈپٹی سپیکر ملک کفایت الرحمٰن کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
چیئرمین سینیٹ نے اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ عمران ندیم کا سپیکر اور ملک کفایت الرحمٰن کا ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہونا جمہوری روایات، پارلیمانی اقدار اور عوامی اعتماد کے استحکام کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ نو منتخب قیادت پر اراکینِ اسمبلی کے اعتماد کا اظہار ان کی صلاحیتوں، قائدانہ کردار اور عوامی خدمت کے عزم کی واضح عکاسی کرتا ہے۔سید یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ گلگت بلتستان اسمبلی خطے کے عوام کی امنگوں کی ترجمانی، مؤثر قانون سازی اور علاقائی ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نئی پارلیمانی قیادت آئینی بالادستی، جمہوری روایات کے فروغ اور مؤثر قانون سازی کے عمل کو مزید مضبوط بنانے میں نمایاں کردار ادا کرے گی۔چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مضبوط پارلیمانی ادارے قومی یکجہتی، وفاقی ہم آہنگی اور جمہوری استحکام کی بنیاد ہوتے ہیں جبکہ سینیٹ اور گلگت بلتستان اسمبلی کے درمیان روابط اور تعاون کے فروغ سے پارلیمانی نظام مزید مستحکم ہوگا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ نو منتخب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کی قیادت گلگت بلتستان کے عوام کے لئے ترقی، خوشحالی اور بہتر طرز حکمرانی کے نئے مواقع پیدا کرے گی۔چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے نو منتخب قیادت کے لئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے ان کی کامیابی اور خطے کی ترقی کے لئے دعا بھی کی۔









