امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف پوری قوم کے لئے باعثِ فخر ہے، حذیفہ رحمان

امریکی نائب صدر کی فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف، پاکستان کے عالمی وقار میں اضافے کا اعتراف قرار

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی ورثہ و ثقافت حذیفہ رحمان نے امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی جانب سے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی تعریف کو پوری قوم کے لئے باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان کے بڑھتے ہوئے بین الاقوامی وقار اور علاقائی امن کے فروغ میں اس کے مثبت کردار کا عکاس ہے۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جے ڈی وینس کے ریمارکس جس میں انہوں نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کو گزشتہ تین ماہ کے دوران اپنی گفتگو کا سب سے متاثر کن شخص قرار دیا ،یہ پاکستان کی قیادت اور سفارتکاری کا اعتراف ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے خطے میں مذاکرات اور امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے دعویٰ کیا کہ جے ڈی وینس کی آمد کے بعد اور ایرانی وفد کی روانگی سے قبل ایک انتہائی اہم 22 گھنٹے کا وقت تھا جس کے دوران بھرپور سفارتی کوششیں کی گئیں۔معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ پاکستان امن و استحکام کو یقینی بنانے کے مقصد کے تحت کی جانے والی ہر کوشش کی حمایت کے لئے پرعزم ہے اور ملک کی قیادت نے ہمیشہ مذاکرات کے ذریعے اختلافات کو ختم کرنے کے لئے کام کیا ہے۔انہوں نے سوئٹزرلینڈ میں طے پانے والی حالیہ مفاہمت کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ امریکہ اور ایران کے مابین دہائیوں پر محیط اختلافات کے باوجود پاکستان نے حکمت اور تدبر کے ساتھ بات چیت کو آگے بڑھانے میں مدد کی۔ انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ طے شدہ نکات پر پیشرفت جاری رہے گی اور امن کا عمل کامیابی سے آگے بڑھے گا۔