سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی عمران ندیم کو سپیکر اور ملک کفایت الرحمٰن کو بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد

سردار ایاز صادق کی گلگت بلتستان اسمبلی کی نئی قیادت کو مبارکباد، نیک خواہشات کا اظہار

اسلام آباد۔22جون (اے پی پی):سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے عمران ندیم کو سپیکر اور ملک کفایت الرحمٰن کو بلا مقابلہ ڈپٹی سپیکر گلگت بلتستان اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے ۔

پیر کو اپنے ایک تہنیتی پیغام میں انہوں نے نو منتخب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر گلگت بلستان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران ندیم اور ملک کفایت الرحمٰن کا بلا مقابلہ انتخاب ان پر اراکینِ اسمبلی کے مکمل اعتماد کا واضح اظہار ہے۔امید ہے کہ نو منتخب سپیکر اور ڈپٹی سپیکر آئین کی بالادستی اور جمہوری روایات کے فروغ میں مؤثر کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط پارلیمانی ادارے وفاق اور اکائیوں کے درمیان ہم آہنگی کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، گلگت بلتستان اسمبلی عوامی امنگوں کی ترجمانی اور خطے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، نو منتخب قیادت کی دانشمندانہ رہنمائی میں گلگت بلتستان اسمبلی مزید فعال اور مؤثر انداز میں عوامی خدمت انجام دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمانی اور جمہوری اداروں کے درمیان تعاون، مشاورت اور تجربات کا تبادلہ جمہوری نظام کے استحکام کے لئے ناگزیر ہے، امید ہے کہ نومنتخب قیادت گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لئے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دے گی۔ سپیکر سردار ایاز صادق نے نو منتخب سپیکر عمران ندیم اور ڈپٹی سپیکر ملک کفایت الرحمن کی کامیابی اور کامرانی کیلئے دعا بھی کی۔