ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس
ڈپٹی کمشنرگوادر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد
کوئٹہ۔ 22 جون (اے پی پی):ڈپٹی کمشنر نقیب اللہ کاکڑ کی ہدایت پر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن گروپ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور نے کی۔
اجلاس میں محکمہ تعلیم کے افسران، ترقیاتی اداروں کے نمائندوں، متعلقہ محکموں اور دیگر اسٹیک ہولڈرز نے شرکت کی ۔اجلاس میں ضلع بھر میں تعلیمی شعبے کو درپیش چیلنجز، تعلیمی اداروں کی کارکردگی، ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور طلبہ کو معیاری تعلیم کی فراہمی سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر کلسٹر بجٹ، ضلعی ایکشن پلان، غیر فعال اسکولوں کی بحالی، پی ایس ڈی پی اور بی ایس ڈی آئی فیزـI کے تحت جاری ترقیاتی اسکیموں کی پیش رفت سمیت متعدد اہم ایجنڈا نکات زیرِ غور آئے۔اجلاس میں اساتذہ اور عملے کی حاضری، غیر حاضری کی صورت میں تنخواہوں کی کٹوتی اور وضاحت طلبی کے معاملات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ شرکاء کو کنٹریکٹ اساتذہ اور SBK پروگرام کے تحت بھرتیوں کی پیش رفت، ایس ایس ٹی بھرتیوں کے لیے درخواستوں کی وصولی اور متعلقہ مراحل کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل) ڈاکٹر عبدالشکور نے ہدایت کی کہ ضلع کے تمام غیر فعال تعلیمی اداروں کو فعال بنانے، اساتذہ کی دستیابی یقینی بنانے اور تعلیمی معیار میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تعلیم کے فروغ کو اولین ترجیح دے رہی ہے اور اس ضمن میں تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔اجلاس میں سرکاری اسکولوں میں داخلہ مہم، درسی کتب کی تقسیم، کتابوں کے ذخیرے اور تقسیم کے ریکارڈ کا بھی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ افسران کو ہدایت کی گئی کہ تمام طلبہ تک نصابی کتب کی بروقت فراہمی یقینی بنائی جائے اور تقسیم کے شفاف ریکارڈ کو مکمل رکھا جائے۔اجلاس میں نجی اسکولوں اور مدارس کے معائنوں، مدارس کی رجسٹریشن، نان فارمل ایجوکیشن اسکولوں کے قیام اور تعلیمی سرگرمیوں کی نگرانی کے امور پر بھی تفصیلی غور کیا گیا۔ مزید برآں، یونیسیف کے تعاون سے جاری ایجوکیشن سپورٹ پروگرام اور کنٹینیوس پروفیشنل ڈویلپمنٹ پروگرام کی پیش رفت کا جائزہ لیتے ہوئے ان منصوبوں کے مؤثر نفاذ پر زور دیا گیا۔اجلاس کے اختتام پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ ضلع گوادر میں تعلیم کے فروغ، اسکولوں کی فعالیت، طلبہ کے اندراج میں اضافے اور معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لیے تمام متعلقہ ادارے باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت اپنی ذمہ داریاں مؤثر انداز میں انجام دیں گے۔








