لاہور قلندرز کی مسلم ہینڈز پاکستان کے اشتراک سے گراس روٹس نیٹ ورک کو وسعت

لاہور قلندرز اور مسلم ہینڈز پاکستان نے نوجوانوں کی ترقی اور معاشرتی بہتری کے لیے کھیلوں کے ذریعے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جو پاکستان بھر میں ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے لیے مواقع بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے

لاہور۔22جون (اے پی پی):لاہور قلندرز اور مسلم ہینڈز پاکستان نے نوجوانوں کی ترقی اور معاشرتی بہتری کے لیے کھیلوں کے ذریعے مواقع فراہم کرنے کے مقصد سے ایک مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جو پاکستان بھر میں ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے لیے مواقع بڑھانے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔اس شراکت داری کے تحت دونوں ادارے مشترکہ طور پر وزیرآباد میں مسلم ہینڈز قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر چلائیں گے، جو ایک خصوصی تربیتی مرکز ہے جہاں ابھرتے ہوئے کرکٹرز کو منظم تربیت، رہنمائی اور پیشہ ورانہ ترقی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ یہ تعاون لاہور قلندرز کی ٹیلنٹ کی نشاندہی اور کھلاڑیوں کی ترقی میں مہارت کو مسلم ہینڈز پاکستان کے فلاحی اور نوجوانوں کو بااختیار بنانے کے وژن کے ساتھ یکجا کرتا ہے۔

اس اقدام کے تحت لاہور قلندرز اپنے معروف پلیئر ڈویلپمنٹ پروگرام (PDP) کے تحت شفاف ٹرائلز کا انعقاد کرے گا، جس کے ذریعے باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کو پیشہ ورانہ کوچنگ، اعلی معیار کی تربیت اور تجربہ کار کھلاڑیوں کی رہنمائی حاصل ہوگی۔ یہ اکیڈمی گراس روٹس سطح پر کرکٹ کے فروغ اور نوجوان ٹیلنٹ کو آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرنے کے لیے لاہور قلندرز کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔یہ شراکت داری محروم اور پسماندہ بچوں کو مواقع، رہنمائی اور اپنے خوابوں کی تعبیر کے لیے ایک مضبوط پلیٹ فارم فراہم کرنے کے مشترکہ وژن کو بھی مزید مستحکم کرتی ہے۔ وزیرآباد میں 23 جنوری 2026 کو لاہور قلندرز کے سی ای او اور مالک عاطف رانا نے اس مرکز کا افتتاح کیا تھا، جسے لاہور قلندرز ہائی پرفارمنس سینٹر کا درجہ دیا گیا۔

اس اقدام سے گراس روٹس سطح پر مستقبل کے کرکٹرز کی تیاری اور ان کی صلاحیتوں کو نکھارنے کی کوششوں کو مزید تقویت ملے گی۔