محرم الحرام کے حوالے سے ضلع سانگھڑ میں جامع سکیورٹی پلان، 2685 پولیس اہلکار تعینات
محرم الحرام کے حوالے سے ضلع سانگھڑ میں جامع سکیورٹی پلان، 2685 پولیس اہلکار تعینات
حیدرآباد۔ 23 جون (اے پی پی):ضلع سانگھڑ پولیس نے محرم الحرام 2026 کے دوران امن و امان کے قیام، مذہبی ہم آہنگی کے فروغ اور عزاداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے جامع اور فول پروف سکیورٹی پلان تیار کر لیا ہے۔ پولیس ترجمان کے مطابق سکیورٹی پلان کے تحت ضلع بھر میں مجموعی طور پر 2685 پولیس افسران اور اہلکار فرائض سر انجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق ضلع بھر میں برآمد ہونے والے 201 جلوسوں کی سیکیورٹی پر 1055 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں، جبکہ 74 امام بارگاہوں کی حفاظت کے لیے 148 اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔ اسی طرح 11 تعزیہ جلوسوں کی نگرانی کے لیے 44 اہلکار مقرر کیے گئے ہیں۔ پٹرولنگ کو مؤثر بنانے کے لیے 38 پولیس موبائلز اور 50 موٹر سائیکلوں پر مشتمل 290 اہلکار مسلسل گشت پر رہیں گے۔ حساس اور اہم مقامات پر 95 اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے 54 اہلکار ریزرو میں رکھے گئے ہیں۔
فوری ردعمل کے لیے 7 کوئیک ریسپانس فورس ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 88 تربیت یافتہ اہلکار شامل ہیں۔ خواتین کی مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے 121 لیڈی پولیس اہلکار خصوصی طور پر تعینات کیے گئے ہیں۔
ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستوں کی فراہمی کے لیے 60 ٹریفک اہلکار بھی فرائض انجام دیں گے۔ پولیس حکام نے کہا ہے کہ سانگھڑ پولیس مکمل طور پر الرٹ ہے اور محرم الحرام کے پرامن انعقاد کے لیے تمام تر انتظامات جدید تقاضوں کے مطابق مکمل کیے جا رہے ہیں۔
جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ جاری رہے گی اور امن و امان میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ انتظامیہ نے عوام اور جلوس و مجالس کے منتظمین سے اپیل کی ہے کہ وہ سیکیورٹی اداروں کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ محرم الحرام پرامن ماحول میں منعقد ہو سکے۔









