ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ماچکے-ٹھلیاں-تارو جبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی منظوری
ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ماچکے-ٹھلیاں-تارو جبہ وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی منظوری

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی )نے ماچکے-ٹھلیاں-تارو جبہ وائٹ آئل پائپ لائن(ڈبلیواوپی) منصوبے کی منظوری میں کامیاب کردار ادا کیا ہے۔ بنیادی ڈھانچہ کایہ اہم منصوبہ پاکستان کی توانائی سلامتی، ایندھن کی ترسیل کے نظام میں بہتری اور قومی رابطہ کاری کو مزید مضبوط بنانے میں معاون ثابت ہوگا۔
435 کلومیٹر طویل یہ پائپ لائن منصوبہ ایس آئی ایف سی کے ترجیحی ایجنڈے کا حصہ رہا ہے جبکہ اس کے لیے مفاہمت کی یادداشت بھی ایس آئی ایف سی کے پلیٹ فارم کے تحت طے پائی جس سے پاکستان کے توانائی کے اہم شعبے میں بین الاقوامی تعاون اور سرمایہ کاری کے فروغ میں ایس آئی ایف سی کے کردار کی عکاسی ہورہی ہے ،متعلقہ اداروں کے درمیان موثر رابطہ کاری اور مسلسل اقدامات کے ذریعے ایس آئی ایف سی نے منصوبے کو درپیش اہم چیلنجز کے حل میں معاونت فراہم کی اور ضروری منظوریوں کے حصول میں اہم کردار ادا کیا جس سے اس اہم تزویراتی منصوبے پر پیش رفت ممکن ہوئی۔
وائٹ آئل پائپ لائن پاکستان میں جنوبی سے شمالی علاقوں تک وائٹ آئل کی ترسیل کے لیے ایک اہم راہداری قائم کرے گی۔ منصوبے کی تکمیل کے بعد ایندھن کی فراہمی کے نظام میں بہتری آئے گی، سڑک کے ذریعے ترسیل پر انحصار کم ہوگا، لاجسٹکس کے اخراجات میں کمی آئے گی، ایندھن کے نقصانات کم ہوں گے اور ملک کے توانائی سپلائی نظام کی مجموعی استعداد اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
توانائی سلامتی کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ یہ منصوبہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے، توانائی کے بنیادی ڈھانچے کو جدید بنانے اور سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنے گا جو پاکستان میں بڑے پیمانے پر سٹریٹجک سرمایہ کاری کے فروغ کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔
وائٹ آئل پائپ لائن منصوبے کی کامیاب معاونت ایس آئی ایف سی کے اس مسلسل کردار کو ظاہر کرتی ہے جس کے تحت کونسل پاکستان کے کاروباری ماحول کو مضبوط بنانے، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور پائیدار معاشی ترقی و قومی مفاد سے وابستہ اہم انفراسٹرکچر منصوبوں کی رفتار تیز کرنے میں معاونت فراہم کر رہی ہے۔








