قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2026-27بجٹ کا آخری مرحلہ کل (بدھ) کو ہوگا ۔
بجٹ اجلاس کا اختتامی مرحلہ، مالی سال 26-2025 اور 25-2024 کی ریگولر و ٹیکنیکل ضمنی گرانٹس پر کل عام بحث اور رائے دہی ہوگی

مزید خبریں
اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):قومی اسمبلی میں آئندہ مالی سال 2026-27بجٹ کا آخری مرحلہ کل (بدھ) کو ہوگا ۔
قومی اسمبلی بجٹ اجلاس میں مالی سال 26-2025 اور 25-2024 کی ریگولر و ٹیکنیکل ضمنی گرانٹس پر عام بحث اور رائے دہی ہوگی۔ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بجٹ ایجنڈے کے مطابق اجلاس کا آغاز تلاوت، حدیث، نعت اور قومی ترانے سے کیا جائے گا جس کے بعد وفاقی وزیر برائے خزانہ و مالیات سینیٹر محمد اورنگزیب مختلف مالیاتی امور، ضمنی گرانٹس اور قانون سازی کے حوالے سے اہم تحاریک پیش کریں گے۔اجلاس کے دوران اسلامی جمہوریہ پاکستان کے دستور کے آرٹیکل 82 کی شق (1) کے تحت مالی سال 25-2024ء اور 26-2025ء کی بابت ریگولر اور ٹیکنیکل ضمنی گرانٹس میں ظاہر کردہ غیر تصویبی اخراجات پر عام بحث کی جائے گی۔ وفاقی مجموعی فنڈ سے غیر تصویبی اخراجات کے علاوہ دونوں مالی سالوں کے ضمن میں مختلف محکموں کے مطالباتِ زر پر بحث اور رائے دہی بھی ایجنڈے کا حصہ ہے۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب ایئر پورٹس سکیورٹی فورس ، کابینہ، تجارت، دفاع، بجلی، وفاقی تعلیم، ایف بی آر، داخلہ اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سمیت درجنوں شعبہ جات کے اخراجات پورے کرنے کے لیے اربوں روپے کی ضمنی رقوم وفاقی حکومت کو عطا کرنے کی تحاریک پیش کریں گے۔ضمنی گرانٹس کے ساتھ ساتھ مالی سال 2016-17 اور 2024-25 کے دوران طے شدہ تخصیصات سے متجاوز (زائد) اخراجات اور مطالبات زر پر بھی عام بحث اور رائے دہی کی جائے گی۔ اس کے تحت پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ، مواصلات، پٹرولیم، وفاقی تعلیم، الائونسز و پنشن، فارن مشنز، کمبائنڈ سول آرمز فورسز اور شعبہ قانون و انصاف کے متجاوز اخراجات کو پورا کرنے کے لیے رقوم کی منظوری مانگی جائے گی۔اس کے علاوہ وزیر خزانہ دستور کے آرٹیکل 83 کے تحت اہم دستاویزات قومی اسمبلی کے سامنے رکھیں گے جن میں مالی سال 2026-2027 کے منظور شدہ اخراجات کا جدول، مالی سال 2024-2025 اور 2025-2026 کے منظور شدہ ضمنی اخراجات کا جدول اور مالی سال 2016-2017 و 2024-2025 کے منظور شدہ متجاوز اخراجات کے جداول شامل ہیں۔ ساتھ ہی حکومت پاکستان کے مد بندی حسابات برائے مالی سال 25-2024ء اور وفاقی حسابات سے متعلق آڈیٹر جنرل پاکستان کی آڈٹ رپورٹیں برائے آڈٹ سال 26-2025ء بھی ایوان کے سامنے پیش کی جائیں گی۔قانون سازی کے ایجنڈے کے تحت وفاقی وزیر برائے خزانہ و محاصل ایک اہم تحریک پیش کریں گے جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ایکٹ 2007ء میں مزید ترمیم کرنے کا بل یعنی ’’فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ترمیمی) بل 2026ء‘‘ جس صورت میں سینیٹ کی جانب سے منظور کیا گیا ہے، اسے فی الفور زیر غور لانے کی درخواست کی جائے گی تاکہ اسے باقاعدہ منظور کیا جا سکے۔








