صدر آصف علی زرداری سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان کی ملاقات ، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

ایوانِ صدر میں صدر آصف علی زرداری اور ایرانی صدر مسعود پزشکیان کی ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

اسلام آباد۔23جون (اے پی پی):صدرمملکت آصف علی زرداری سے اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے منگل کو ایوانِ صدر میں ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی، دوطرفہ اور علاقائی روابط، اقتصادی تعاون اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا۔

ایرانی صدر کے ہمراہ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی، صدر کے دفتر کے سربراہ محسن حاجی میرزائی، وزیر داخلہ سکندر مومنی، صدر کے دفتر کے سربراہ برائے سیاسی امور سعید عباس موسوی اور پاکستان میں ایران کے سفیر رضا امیری مقدم بھی موجود تھے۔ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق پاکستان کی جانب سے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری، وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری، چیف وِہپ سینیٹ سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور ڈاکٹر عاصم حسین ملاقات میں شریک تھے۔صدر آصف علی زرداری نے حالیہ تنازعہ کے بعد پاکستان کے پہلے سرکاری دورے پر آنے والے صدر پزشکیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات اور خوشی و غم میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا مظہر ہے۔ انہوں نے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط ہونے پر صدر پزشکیان کو مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ جاری تکنیکی سطح کے مذاکرات خطے میں مستقل امن کے قیام پر منتج ہوں گے۔صدر آصف علی زرداری نے ایران کے امن، استحکام، قومی اتحاد، خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لئے پاکستان کی اصولی حمایت کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ یکطرفہ اقدامات کی مخالفت کرتا رہا ہے اور علاقائی و عالمی چیلنجز کے پائیدار حل کے لئے مکالمے اور سفارتکاری کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے مسلم اُمہ کے اتحاد کے تحفظ اور خلیجی ممالک کے ساتھ مضبوط برادرانہ تعلقات برقرار رکھنے کے پاکستان کے عزم پر بھی زور دیا۔صدر آصف علی زرداری نے ایک بار پھر آیت اللہ علی حسینی خامنہ ای کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان کی تدفین میں شرکت کرے گا۔صدر پزشکیان نے امن اور مکالمے کے فروغ کے لئے پاکستان کی مثبت اور تعمیری کوششوں پر شکریہ ادا کیا اور حالیہ مشکل حالات میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی گئی حمایت کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور سیاسی، اقتصادی، سلامتی اور علاقائی امور میں تعاون کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔صدر آصف علی زرداری نے صدر پزشکیان سے درخواست کی کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای کے لئے ان کی نیک تمنائیں اور گرمجوش سلام پہنچائیں۔

مزید خبریں