یونیسیف کے زیرِ اہتمام ضلع زیارت میں اساتذہ کیلئے ٹیبلٹس کی تقسیم، جدید تعلیمی سہولیات فراہم
یونیسیف صوبہ بھرمیں تعلیم کے فروغ اوراساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کیلئےمختلف اقدامات کررہا ہے،ضلعی منیجر یونیسیف

مزید خبریں
کوئٹہ۔ 23 جون (اے پی پی):یونیسیف کے زیرِ اہتمام ضلع زیارت میں اساتذہ کرام کے لیے جدید تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے سلسلے میں ٹیبلٹس تقسیم کرنے کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ضلعی منیجر یونیسیف فدا حسین پانیزئی، ڈپٹی ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر نقیب اللہ کاکڑ، محکمہ تعلیم کے افسران، سکول سربراہان اور اساتذہ کرام نے شرکت کی۔
تقریب کے دوران مختلف سرکاری تعلیمی اداروں کے اساتذہ میں جدید ٹیبلٹس تقسیم کئےگئے تاکہ تدریسی عمل میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو فروغ دیا جا سکے اور اساتذہ کو تعلیمی امور کی انجام دہی میں مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔ اس موقع پر مقررین نے کہا کہ تعلیم کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال وقت کی اہم ضرورت ہے، جس کے ذریعے نہ صرف تدریسی معیار کو بہتر بنایا جا سکتا ہے بلکہ طلبہ کو بھی معیاری اور جدید تعلیم کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔ضلعی منیجر یونیسیف فدا حسین پانیزئی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یونیسیف بلوچستان بھر میں تعلیم کے فروغ اور اساتذہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے، ٹیبلٹس کی فراہمی اسی سلسلے کی ایک کڑی ہے جس کا مقصد اساتذہ کو جدید تعلیمی وسائل تک رسائی فراہم کرنا اور ڈیجیٹل لرننگ کے فروغ میں معاونت کرنا ہے۔








