ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے سنسنی خیز مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 3-4 سے شکست دے دی

ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ: بھارت نے پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے میں 3-4 سے شکست دے دی

لاہور۔23جون (اے پی پی):انگلینڈ میں کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ پرو ہاکی لیگ کے سنسنی خیز مقابلے میں بھارت نے پاکستان کو 3-4 سے شکست دے دی۔ ترجمان پی ایچ ایف کے مطابق پاکستان نے میچ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور آٹھویں منٹ میں ندیم احمد نے پینلٹی کارنر کے ذریعے پہلا گول اسکور کر کے ٹیم کو برتری دلائی، جس کے بعد بھارت کی جانب سے 22ویں منٹ میں ابھیشیک اور 24ویں منٹ میں نیلکانٹا نے گول اسکور کر کے مقابلہ 1-2 کر دیا۔

دوسرے ہاف میں بھارتی ٹیم نے اپنی برتری کو مزید مستحکم کرتے ہوئے سکھجیت اور راجندر کے گولز کی بدولت اسکور 1-4 تک پہنچا دیا، تاہم پاکستان نے شاندار واپسی کی کوشش کی۔ کپتان ابوبکر محمود اور معین شکیل نے پینلٹی کارنرز پر گول اسکور کر کے خسارہ کم کیا اور اسکور 3-4 تک پہنچا دیا۔ آخری لمحات میں پاکستان نے دباو برقرار رکھا لیکن برابری کا گول نہ کر سکا۔پاکستان کے گول کیپر علی رضا نے متعدد یقینی گول بچا کر ٹیم کو بڑے مارجن سے شکست سے بچایا اور اپنی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین احمد وانی نے لندن میں کھیلے گئے اس میچ میں قومی ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ سخت حالات اور اہم کھلاڑیوں کی انجریز کے باوجود کھلاڑیوں نے غیر معمولی حوصلہ اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط اور عالمی معیار کی ٹیم کے خلاف اس قدر قریبی مقابلہ پاکستان ہاکی کے روشن مستقبل کی نشاندہی کرتا ہے اور نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتیں حوصلہ افزا ہیں۔

مزید خبریں