صدرراولپنڈی چیمبرکی پاکستان ٹریول مارٹ اورسسٹین ایبل ڈیسٹینیشنز فورم کے سی اوسے ملاقات،سیاحت کے فروغ کیلئے تعاون بڑھانے پر اتفاق

راولپنڈی چیمبر کی ٹریول مارٹ اور سسٹین ایبل ڈیسٹینیشنز فورم کے سی ای او سے ملاقات، سیاحت کے فروغ پر اتفاق

راولپنڈی۔ 23 جون (اے پی پی):راولپنڈی چیمبر آف کامرنس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی )کے صدر عثمان شوکت نے پاکستان ٹریول مارٹ اور سسٹین ایبل ڈیسٹینیشنز فورم کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سید محمد علی ہمدانی سے ملاقات کی، جس میں سیاحت کے شعبے میں باہمی تعاون اور ترقی کے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران پائیدار سیاحتی مقامات (Sustainable Destinations) کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی، جسے سیاحت کے شعبے کی طویل المدتی ترقی کے لیے ناگزیر قرار دیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ کاروباری سرگرمیوں کو ماحول دوست اور ذمہ دار سیاحت کے عالمی رجحانات سے ہم آہنگ کیا جانا چاہیے۔اس موقع پر کاروباری روابط کے فروغ، مشترکہ تقریبات، نمائشوں اور فورمز کے انعقاد کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا تاکہ مقامی کاروباری اداروں کو بین الاقوامی شراکت داروں سے جوڑا جا سکے۔آر سی سی آئی حکام کے مطابق اس نوعیت کے اشتراک سے پاکستان میں سیاحت کے وسیع امکانات کو بروئے کار لانے، سیاحتی مقامات کے بہتر انتظام، سرمایہ کاری کے فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد ملے گی، خصوصاً اُن علاقوں میں جو اب تک سیاحتی اعتبار سے کم توجہ حاصل کر سکے ہیں۔ملاقات میں اس بات پر بھی زور دیا گیا کہ چیمبرز آف کامرس اور سیاحتی پلیٹ فارمز کے درمیان مضبوط شراکت داری پاکستان کو عالمی سیاحتی نقشے پر مؤثر انداز میں اجاگر کرنے اور ایک منظم و پائیدار سیاحتی معیشت کے قیام میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

مزید خبریں