سعودی عرب کےعسیر ریجن میں سمر سیزن 2026 کے دوران ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے
سعودی عرب ، ابہا ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ،جون تا اگست 10 ہزار شیڈول پروازوں کی آمد و رفت متوقع

مزید خبریں
ریاض ۔24جون (اے پی پی):سعودی عرب کےعسیر ریجن میں سمر سیزن 2026 کے دوران ابہا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے جو خطے کی سیاحتی اور معاشی اہمیت میں مسلسل اضافے کی عکاسی ہے،کلسٹر ٹو ایئرپورٹس کمپنی کا کہنا ہے کہ جون سے اگست کے اختتام تک یہاں سے تقریباً 10 ہزار شیڈول پروازوں کی آمد و رفت متوقع ہے جبکہ مجموعی طور پر 18 لاکھ سے زائد نشستوں کی گنجائش فراہم کی جائے گی۔سعودی پریس ایجنسی کے مطابق ایئرپورٹ کے آپریشنل منصوبے کے تحت سال بھر کے لیے 15 مقامات سے فضائی رابطہ قائم کیا گیا ہے جن میں ریاض، جدہ، دمام، مدینہ منورہ، تبوک، دبئی، شارجہ، دوحہ، مسقط، پورٹ سوڈان، قاہرہ، سوہاج، جیزہ، عدیس ابابا اور استنبول شامل ہیں۔
اس کے علاوہ موسمِ گرما کے لیے تین خصوصی موسمی روٹس بھی شامل کیے گئے ہیں جن میں طرابزون، کویت اور قصیم شامل ہیں۔حکام کے مطابق فضائی رابطوں کے اس وسیع نیٹ ورک سے نہ صرف ملکی اور غیر ملکی سیاحوں کی آمد میں اضافہ ہوگا بلکہ سیاحت سے وابستہ شعبوں بشمول ہوٹلنگ، رہائش، ریستوران، ٹرانسپورٹ، ریٹیل اور موسمی تقریبات شامل ہیں، کو بھی مزید فروغ حاصل ہوگا۔عسیر ریجن اپنی معتدل آب و ہوا اور قدرتی حسن کی بدولت سعودی عرب کے نمایاں سیاحتی مراکز میں شمار ہوتا ہے اور ابہا ایئرپورٹ اس ترقی میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔








