سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں موسم گرما کے دوران خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد ریکارڈ کی جا رہی ہے،
سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں موسم گرما کے دوران سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد

مزید خبریں
ریاض۔24جون (اے پی پی):سعودی عرب کے الباحہ ریجن میں موسم گرما کے دوران خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے سیاحوں کی بڑی تعداد کی آمد ریکارڈ کی جا رہی ہے، اس علاقے کا معتدل موسم، پہاڑی مناظر، سیاحتی، قدرتی اور ثقافتی ورثے کے ساتھ ریجن کی مختلف کمشنریوں میں ہونے والے متنوع پروگرام اور ایونٹس لوگوں کو اپنی جانب متوجہ کرتے ہیں۔ایس پی اے کے مطابق پارک، باغات اورعوامی سہولیات سیاحتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور وزیٹرز کی بڑی تعداد کو ہینڈل کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ریجنل میونسپلٹی نے الباحہ شہر اور اس کی کمشنریوں میں 143 پارکوں اور تفریحی مقامات کی سہولت فراہم کی ہے جو ریجن میں سیر و تفریح کے بڑے مراکز ہیں۔
میونسپلٹی نے شہر کے مختلف علاقوں میں 45 واکنگ ٹریکس اور سپورٹس گراؤنڈ بھی فراہم کیے ہیں تاکہ شہریوں کا معیار زندگی بلند کیا جا سکے ۔شہر کے مختلف علاقوں میں سبزہ زاروں کا مجموعی رقبہ تین ملین مربع میٹر سے زائد ہے جو شہری حسن کو نکھارنے میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ انواع و اقسام کے پودے اور پھول ماحول کو مزید خوشگوار بناتے ہیں۔یہاں کے تاریخی دیہات اس خطے کی کشش کو بڑھاتے ہیں۔ منفرد طرز تعمیر اور ثقافتی ورثے کے ذریعے علاقے کی تاریخ اور شناخت کی عکاسی کرتے ہیں۔الباحہ کے ریجنل سیکرٹری اورسمر فیسٹول کمیٹی کے چیئرمین ڈاکٹر علی بن محمد السواط کا کہنا ہے کہ میونسپلٹی کی جانب سے سمر پروگرام کی تمام تیاریاں مکمل ہیں۔الباحہ اپنے قدرتی تنوع، سیاحتی اور تاریخی مقامات اور خدمات کی مسلسل بہتری کے باعث مملکت میں موسم گرما کے اہم مقام کے طور پر اپنی پوزیشن مزید مضبوط بنا رہا ہے۔








