روس نے کہا ہے کہ امریکا اب یوکرین جنگ میں غیر جانبدار ثالث کے طور پر کام نہیں کر رہا۔
امریکا یوکرین جنگ میں ثالث کے کردار سے منحرف ہو رہا ہے،روس

مزید خبریں
ماسکو۔24جون (اے پی پی):روس نے کہا ہے کہ امریکا اب یوکرین جنگ میں غیر جانبدار ثالث کے طور پر کام نہیں کر رہا۔ العربیہ اردو کے مطابق روسی وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے گزشتہ روز دارالحکومت ماسکو میں غیر ملکی سفیروں کے ساتھ ملاقات کے دوران کہا کہ امریکا غیر جانبدار ثالث کا کردار ادا کرنے کے کسی بھی دعوے سے دستبردار ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس کا موجودہ رویہ روس پر پابندیوں کا دباؤ بڑھانے پر مبنی نقطہ نظر کی پیروی ظاہر کرتا ہے۔ روسی وزیر نے یورپی ممالک کو بھی شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے باور کرایا کہ یوکرین کو فوجی امداد کی فراہمی جاری رکھنا انہیں دوبارہ بین الاقوامی امن و سلامتی کے لیے ایک بنیادی خطرے میں تبدیل کر رہا ہے۔
روسی وزیر خارجہ نے بیلاروس کے بارے میں دیئے گئے بیان پر یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی پر بھی تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ روس بیلاروس کو ان یوکرینی خطرات کے مقابلے میں سپورٹ کرتا ہے جنہیں وہ خطرات سمجھتا ہے۔ روسی وزارت خارجہ نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ یوکرین کے حوالے سے امریکا کے ساتھ بات چیت جاری رہے گی۔ البتہ روس نے یہ موقف اختیار کیا ہے کہ امریکا اب یوکرین جنگ میں غیر جانبدار ثالث کے طور پر کام نہیں کر رہا۔ روس نے ٹرمپ انتظامیہ پر الزام عائد کیا کہ وہ تصفیے کی کوششوں پر توجہ مرکوز کرنے کی بجائے ماسکو پر دباؤ بڑھانے کی پالیسی کی طرف مائل ہے۔








