آگے بڑھنے کیلئے ماضی کودرست کرنا ضروری ہے، فرد واحد کی خواہش پرکوئی جماعت نہیں چل سکتی ، وزیردفاع خواجہ محمدآصف کا قومی اسمبلی میں اظہارخیال

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آگے بڑھنے کیلئے ماضی کو درست کرنا ضروری ہے، فرد واحد کی خواہش پر کوئی جماعت نہیں چل سکتی۔

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ آگے بڑھنے کیلئے ماضی کو درست کرنا ضروری ہے، فرد واحد کی خواہش پر کوئی جماعت نہیں چل سکتی۔ بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ پی پی پی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان ماضی میں ایک دوسرے سے اختلاف اور محاذ آرائی کی تاریخ رہی ہے، پھر دونوں جماعتوں نے احساس کیا کہ جمہوریت اورجمہوری روایات کوآگے بڑھانے کیلئے ہمیں ایک طریقہ کار اختیارکرنا چاہئے اور اسی جذبہ کے تحت میثاق جمہوریت پردستخط کئے گئے۔

انہوں نے کہاکہ میں کسی کو ہدایت دیتا ہوں یا مطالبہ کرتا ہوں تو اس مطالبہ سے پہلے ہاتھوں کا صاف ہونا ضروری ہے، ماضی میں اس ایوان میں جب اپوزیشن کی حکومت تھی تو مراد سعید میزوں کے اوپر دوڑتے تھے، اس ایوان میں ان لوگوں نے کیا کیا نہیں کیا۔ وزیر دفاع نے کہاکہ ماضی کو درست کرنا ضروری ہے، تمام جماعتوں کو چارٹر آف ڈیمو کریسی پر دستخط کرنے چاہئیں اور اگرکوئی کمی ہے تو وہ بھی اس میں شامل کرکے اس پر عمل کرنا چاہئے مگر اس کے ساتھ ساتھ یہ نہیں بھولناچاہئے کہ ماضی میں کیا کیا نہیں ہوا، اس ایوان میں آدھے گھنٹے میں 56 قوانین منظورکئے گئے، سپیکرکی کرسی کو اسمبلی توڑنے کیلئے استعمال کیا گیا، انصاف و مساوات کا مطالبہ کرنے کیلئے ماضی کی غلطیوں کو درست کرنا ضروری ہے۔

وزیردفاع نے کہاکہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کل جب ایوان میں آئے توسب سے پہلے وہ لیڈر آف دی اپوزیشن کے پاس گئے، وزیر خزانہ بھی ان کے پاس گئے، جب بانی پی ٹی آئی وزیراعظم تھے تویہ سوچا بھی نہیں جا سکتا تھا، ان کاکوئی بندہ اپوزیشن کے بینچوں پر نہیں آتا تھا کہ کہیں بانی پی ٹی آئی ناراض نہ ہو جائے، پارلیمانی نظام اورسیاست کو عمران خان نے جتنا نقصان پہنچایا 75 سالوں میں کسی نے نہیں پہنچایا، ان کی تابعداری میں ان کے اراکین نے بھی اس میں حصہ لیا۔ وزیر دفاع نے کہاکہ محمودخان سے ان کا پراناتعلق ہے،وہ اپوزیشن میں ان لوگوں کے درمیان عجیب وغریب لگتے ہیں کیونکہ ان لوگوں کی توکوئی روایات ہی نہیں ہیں، ایک بندے کی خواہش پرکوئی جماعت نہیں چل سکتی ،ان کی جماعت میں جمہوریت ہی نہیں ہے۔