پاکستان کے 96 فیصد ہائر سیکنڈری سکولوں میں بنیادی سہولیات دستیاب ہیں،رپورٹ

پاکستان میں تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی دستیابی کی صورتحال اعلیٰ تعلیمی سطحوں پر نمایاں طور پر بہتر ہے جہاں ملک کے 96 فیصد ہائر سیکنڈری سکول پینے کے صاف پانی اور چار دیواری جبکہ 95 فیصد بجلی اور 92 فیصد بیت الخلا ء جیسی بنیادی سہولیات سے آراستہ ہیں جو طلبہ کے لئے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لئے حکومتی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):پاکستان میں تعلیمی اداروں میں بنیادی سہولیات کی دستیابی کی صورتحال اعلیٰ تعلیمی سطحوں پر نمایاں طور پر بہتر ہے جہاں ملک کے 96 فیصد ہائر سیکنڈری سکول پینے کے صاف پانی اور چار دیواری جبکہ 95 فیصد بجلی اور 92 فیصد بیت الخلا ء جیسی بنیادی سہولیات سے آراستہ ہیں جو طلبہ کے لئے محفوظ اور سازگار تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لئے حکومتی کوششوں کی عکاسی کرتا ہے۔

ویلتھ پاکستان کو دستیاب دستاویزات کے مطابق سرکاری سکولوں میں بجلی، پینے کے پانی، بیت الخلا ء اور چار دیواری جیسی بنیادی سہولیات کی دستیابی پرائمری سے ہائر سیکنڈری سطح تک بتدریج بڑھتی ہے جو سرکاری تعلیمی اداروں میں بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لئے جاری کوششوں کی عکاسی کرتی ہے۔قومی سطح پر 65 فیصد سرکاری سکولوں کو بجلی کی سہولت حاصل ہے تاہم یہ شرح پرائمری سکولوں میں 59 فیصد، مڈل سکولوں میں 77 فیصد، ہائی سکولوں میں 92 فیصد اور ہائر سیکنڈری اداروں میں 95 فیصد تک پہنچ جاتی ہے۔

اسی طرح ملک بھر میں 76 فیصد سکولوں میں پینے کے صاف پانی کی سہولت موجود ہے۔ یہ شرح پرائمری سطح پر 72 فیصد، مڈل سکولوں میں 83 فیصد، ہائی سکولوں میں 94 فیصد اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں 96 فیصد ہے۔اعداد و شمار کے مطابق ملک کے 77 فیصد سرکاری سکولوں میں بیت الخلا ء کی سہولت دستیاب ہے، یہ تناسب پرائمری سکولوں میں 74 فیصد، مڈل سکولوں میں 83 فیصد، ہائی سکولوں میں 90 فیصد اور ہائر سیکنڈری اداروں میں 92 فیصد تک بڑھ جاتا ہے۔

ملک بھر کے 75 فیصد سرکاری سکولوں میں چار دیواری موجود ہے۔ اس کی شرح پرائمری سکولوں میں 71 فیصد، مڈل سکولوں میں 87 فیصد، ہائی سکولوں میں 95 فیصد اور ہائر سیکنڈری سکولوں میں 96 فیصد ریکارڈ کی گئی جو طلبہ کے لئے زیادہ محفوظ تعلیمی ماحول فراہم کرنے میں مددگار ہے۔صوبوں اور علاقوں میں پنجاب اور اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) نے بنیادی سہولیات کی فراہمی میں سب سے بہتر کارکردگی دکھائی۔ پنجاب میں 99 فیصد سکولوں کو بجلی میسر ہے جبکہ پینے کے صاف پانی اور بیت الخلا ء کی سہولیات 100 فیصد سکولوں میں دستیاب ہیں۔

صوبے کے 98 فیصد سکولوں میں چار دیواری بھی موجود ہے۔آئی سی ٹی میں 99 فیصد سکولوں کو بجلی، 92 فیصد کو پینے کے صاف پانی، 97 فیصد کو بیت الخلا ء اور 93 فیصد کو چار دیواری کی سہولت حاصل ہے۔خیبر پختونخوا نے بھی نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا جہاں 77 فیصد سکولوں میں بجلی، 86 فیصد میں پینے کا صاف پانی، 85 فیصد میں بیت الخلا ء اور 91 فیصد میں چار دیواری موجود ہے۔گلگت بلتستان میں 65 فیصد سکولوں کو بجلی، 78 فیصد کو پینے کے صاف پانی، 76 فیصد کو بیت الخلا ء اور 67 فیصد کو چار دیواری کی سہولت حاصل ہے۔

دستاویزات کے مطابق معیاری انفراسٹرکچر اور بنیادی سہولیات تعلیمی نتائج بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں کیونکہ یہ طلبہ کو محفوظ، صحت مند اور سازگار تعلیمی ماحول فراہم کرتی ہیں۔ بجلی، صاف پانی، صفائی کی سہولیات اور محفوظ سکول احاطے طلبہ کی فلاح و بہبود کو بہتر بناتے ہیں اور تدریس و تعلم کے عمل کو مؤثر بنانے میں مدد دیتے ہیں۔دستاویزات میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تعلیمی معیار میں مزید بہتری اور ملک بھر کے طلبہ کے لئے بہتر تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لئے سکولوں کے انفراسٹرکچر میں مسلسل سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔