کشمیر کی جدوجہد آزادی میں پاکستان نے بڑی قربانیا ں دی ہیں، ملک مخالف بیانات ، ملکی اداروں اور شہدا کی توہین تشویشناک ہے، وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں پاکستان نے بڑی قربانیا ں دی ہیں، کشمیر پر انڈیا کےخلاف 5 جنگیں لڑی ہیں، اس کی سرحدوں کی حفاظت ہماری مسلح افواج کر رہی ہیں، پاکستان مخالف بیانات اور ملکی اداروں اور شہدا کی توہین تشویشناک ہے۔

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں پاکستان نے بڑی قربانیا ں دی ہیں، کشمیر پر انڈیا کےخلاف 5 جنگیں لڑی ہیں، اس کی سرحدوں کی حفاظت ہماری مسلح افواج کر رہی ہیں، پاکستان مخالف بیانات اور ملکی اداروں اور شہدا کی توہین تشویشناک ہے۔ بدھ کو قومی اسمبلی میں راجہ پرویز اشرف کی جانب سے اٹھائے گئے نکات کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام نے 78 سال سے آزادی کی جدوجہد جاری رکھی ہوئی ہے اور انہوں نے پاکستان سے اپنی وابستگی اور محبت کے اظہار میں لاتعداد قربانیاں اور شہادتیں دی ہیں،

کشمیری شناخت اور جدوجہد قربانی، ہجرت اور طویل مزاحمت کی تاریخ ہے، وہ لوگ آزادی کو مکمل طور پر نہیں سمجھ سکتے جنہوں نے اس کےلئے قربانیاں نہ دی ہوں، پاکستان اور کشمیر کے درمیان رشتہ مشترکہ جدوجہد اور باہمی عزم پر قائم ہے ،اگر میں پاکستانی ہو کر پاکستان کی سالمیت کےخلاف بات کروں تو میں پاکستانی نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کنٹرول لائن پر ہماری افواج پہرا دیتی ہیں جس میں چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے جوان شامل ہیں ،ہم نے کشمیر کےلئے 5 جنگیں لڑیں اور صلے میں ہمیں گالیاں دی جاتی ہیں جو قابل قبول نہیں۔