پاکستان انڈر19 سکلز اینڈ ڈویلپمنٹ کیمپ میں31 کھلاڑیوں کی شرکت

ملتان میں جاری پاکستان انڈر19 سکلز اینڈ ڈویلپمنٹ کیمپ میں31 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں،جہاں نوجوان کرکٹرز کی جسمانی، ذہنی، ٹیکنیکل اور ٹیکٹیکل صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

لاہور۔24جون (اے پی پی):ملتان میں جاری پاکستان انڈر19 سکلز اینڈ ڈویلپمنٹ کیمپ میں31 کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں،جہاں نوجوان کرکٹرز کی جسمانی، ذہنی، ٹیکنیکل اور ٹیکٹیکل صلاحیتوں کو نکھارنے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔ پاکستان انڈر19 ٹیم کے ہیڈ کوچ شاہد انور نے بتایا کہ پاکستان ایشیا کپ کا دفاعی چیمپئن ہے اور ٹائٹل کا دفاع کرنا ٹیم کی سب سے بڑی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ کیمپ میں کھلاڑیوں کے لائف سٹائل اور مجموعی شخصیت سازی پر بھی خصوصی کام کیا جا رہا ہے تاکہ وہ مستقبل کے چیلنجز کے لیے مکمل طور پر تیار ہو سکیں۔شاہد انور کے مطابق ٹیم کا روڈ میپ واضح ہے جس کے تحت پہلے انگلینڈ کا دورہ اور پھر ایشیا کپ میں شرکت ہدف ہے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ کا دورہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگا کیونکہ مشکل کنڈیشنز میں کھیلنے سے ان کے تجربے اور اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ پاکستان انڈر19 ٹیم کا اصل ہدف آئندہ انڈر 19 ورلڈ کپ جیتنا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ورلڈ کپ میں ابھی تقریبا18 ماہ باقی ہیں اور اسی مقصد کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ کیمپ منعقد کیا گیا ہے۔شاہد انور نے مزید کہا کہ کیمپ میں موجود سپورٹ سٹاف کھلاڑیوں کی مہارتوں اور فٹنس پر بھرپور توجہ دے رہا ہے جبکہ حتمی مقصد پاکستان سینئر ٹیم کے لیے بہترین کھلاڑی تیار کرنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں علی رضا،سمیر منہاس، فرحان یوسف اور عبدل سبحان جیسے باصلاحیت کھلاڑی انڈر19 پروگرام سے ابھر کر سامنے آئے ہیں۔انہوں نے یہ بھی بتایا کہ اس وقت چار انڈر19 کھلاڑی نیشنل کرکٹ اکیڈمی (این سی اے) کے کیمپ میں بھی مصروف ہیں،جو نوجوان ٹیلنٹ کی ترقی کے عمل کا اہم حصہ ہے۔