یورپ بھر میں ریکارڈ گرمی، فرانس میں لاکھوں افراد کو بجلی کی فراہمی معطل، پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز کی فروخت میں کئی سو گنا اضافہ
یورپ بھر میں ریکارڈ گرمی، فرانس میں لاکھوں افراد کو بجلی کی فراہمی معطل، پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز کی فروخت میں کئی سو گنا اضافہ

مزید خبریں
پیرس۔24جون (اے پی پی):فرانس میں ریکارڈ گرمی کے دوران کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور لوگوں کو مشکلات کا سامناکرنا پڑا۔ اے ایف پی کے مطابق ملک بھر میں محکمہ موسمیات کے 30 سٹیشنوں پر دن کے وقت اور رات کے وقت کا اوسط درجہ حرارت منگل کو 29.8 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ گیا، جو 1947 میں ریکارڈ مرتب کرنے کے آغاز کے بعد سے سب سے زیادہ درجہ حرارت ہے۔
ملک میں ہیٹ الرٹ کے زمرے میں ڈالے جانے والے علاقوں کے مکینوں کی تعداد چار کروڑ 40 لاکھ تک پہنچ گئی ۔اس وقت اورنج الرٹ پر موجود 31 محکموں میں شامل کیا گیا، فرانسیسی آبادی کا 90 فیصد سے زیادہ حصہ شدید گرمی کا شکار ہے، برٹنی سے پیرس کے علاقے تک اور جنوب مغرب کے بیشتر علاقوں میں لوگوں کو شدید گرمی کا سامنا رہا۔حکام نے بتایا کہ ہیٹ ویو کی وجہ سے ملک میں پہلی بار بجلی کی فراہمی میں تعطل پیدا ہوا اور بدھ کو شمال مغربی فنیسٹر ڈپارٹمنٹ میں تقریباً 68,000 گھرانوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔
فرانسیسی پاور نیٹ ورک سے بجلی حاصل کرنے والے 106,000 صارفین کو بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ اس صورتحال میں فرانس میں پنکھوں اور ایئر کنڈیشنرز کی فروخت میں کئی سو گنا تک اضافہ نوٹ کیا گیا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ شدید گرمی کے باعث ان کا گھروں سے باہر نکلنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ دریں اثنا اٹلی کی وزارت صحت نے بدھ کے روز میلان اور روم سمیت 16 شہروں میں ریڈ ہیٹ ویو الرٹ کا اعلان کیا۔توقع ہے کہ آنے والے دنوں میں ہیٹ ویو مشرقی یورپ تک پھیلے گی۔
پولینڈ کے محکمہ موسمیات نے جمعرات سے ہفتہ تک ملک کے مغربی حصے کے لیے شدید گرمی کی وارننگ جاری کی اور کہا کہ اس دوران ملک کے کئی حصوں میں درجہ حرارت 40.2 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ کر 1921 کے ریکارڈ کو توڑ سکتا ہے۔کروشیا کے مشہور ایڈریاٹک ساحل کو بھی جمعہ اور ہفتہ کے لیے ریڈ الرٹ کے تحت رکھا گیا تھا۔
ہنگری میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور گرمی کے الرٹ کی سطح کو بڑھا دیا گیا ہے۔ وسطی اور جنوبی نیدرلینڈز میں جمعہ تک شدید گرمی کے کوڈ اورنج کے نیچے ہوں گے۔برطانیہ میں بھی آنے والے ہفتے میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔








