چینی سرمایہ کاروں کا پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس اور ایس ای سی پی اصلاحات پر اعتماد کا اظہار

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کی کیپیٹل مارکیٹس کے مستقبل پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج کے ایگزیکٹو نائب صدر یو ہانگ نے چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کے نام ایک خط میں کمیشن کی معاونت اور …

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان کے اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک کی کیپیٹل مارکیٹس کے مستقبل پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ہے۔چائنا فنانشل فیوچرز ایکسچینج کے ایگزیکٹو نائب صدر یو ہانگ نے چیئرمین ایس ای سی پی ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کے نام ایک خط میں کمیشن کی معاونت اور سرمایہ کار دوست اصلاحات کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ ایس ای سی پی نے پاکستان کی مارکیٹ انفراسٹرکچر میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے سے متعلق اہم ریگولیٹری اور سٹریٹجک معاملات کے حل میں موثر کردار ادا کیا ہے۔خط میں چینی کنسورشیم نے پاکستان سٹاک ایکسچینج، سینٹرل ڈپازٹری کمپنی اور نیشنل کلیئرنگ کمپنی سے متعلق اہم امور میں پیش رفت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ اقدامات پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافے کا باعث بنیں گے۔

چینی سرمایہ کاروں نے پاکستان میں اپنی سرمایہ کاری اور شراکت داری مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان سٹاک ایکسچینج میں نئی سرمایہ کاری مصنوعات متعارف کرانے اور کراس بارڈر ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈز کے اجراء کے امکانات پر بھی کام کر رہے ہیں۔

چینی کنسورشیم نے ڈاکٹر کبیر احمد سدھو کی قیادت میں طویل عرصے سے زیر التواء سٹریٹجک معاملات کے حل کو سراہتے ہوئے پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹس کے مستقبل کو روشن قرار دیا ہے۔چینی سرمایہ کاروں کا کہنا ہے کہ حالیہ اصلاحات سے نہ صرف بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا اعتماد بڑھا ہے بلکہ پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے نئے مواقع بھی پیدا ہوئے ہیں۔