محرم الحرام آمد، آئی جی کی زیر صدارت اجلاس،سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ

آئی جی پنجاب کا عاشورہ محرم کے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ، لاہور سمیت صوبہ بھر میں ہائی الرٹ

لاہور۔24جون (اے پی پی):انسپکٹر جنرل (آئی جی) پنجاب پولیس عبدالکریم کی زیر صدارت عاشورہ محرم الحرام کی آمد کے پیش نظر اہم اجلاس منعقد ہواجس میں صوبہ بھر بالخصوص لاہور میں سکیورٹی انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

بدھ کو منعقدہ اجلاس میں ایڈیشنل آئی جی آپریشنز محمد علی نیکوکارا نے عاشورہ کے موقع پر منعقد ہونے والی مجالس اور عزاداری جلوسوں کے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے عاشورہ محرم الحرام کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں سکیورٹی مزید سخت کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سکیورٹی ہائی الرٹ رکھی جائے اور دفعہ144 سمیت تمام ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔انہوں نے ہدایت کی کہ عزاداری جلوسوں،مجالس، علمائے کرام اور دیگر سٹیک ہولڈرز کیساتھ مشاورت کے ذریعے تمام انتظامات بروقت مکمل کئے جائیں۔انہوں نے کہا کہ امن دشمن عناصر کی جانب سے فرقہ واریت،مذہبی منافرت یا امن و امان کی صورتحال متاثر کرنے کی کسی بھی کوشش کو ناکام بنایا جائے۔ سینئر پولیس افسران عزاداری جلوسوں کے روٹس،امام بارگاہوں اور دیگر حساس مقامات پر سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کا خود جائزہ لیں۔آئی جی پنجاب نے ہدایت کی کہ ضلعی انتظامیہ کے تعاون سے جلوسوں کے راستوں سے تجاوزات کا خاتمہ،سڑکوں کی مرمت، سٹریٹ لائٹس کی فعالی اور دیگر ضروری انتظامات یقینی بنائے جائیں۔انہوں نے امن کمیٹیوں،مختلف مکاتب فکر کے علمائے کرام اور مجالس و جلوسوں کے منتظمین کے ساتھ قریبی رابطہ رکھنے اور تمام مسائل پیشگی حل کرنے پر زور دیا۔عبدالکریم نے آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو ہدایت کی کہ وہ تمام مکاتب فکر کے علما سے رابطے میں رہیں اور بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ کیلئے موثر اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے دوران حساس مقامات پر اضافی نفری تعینات کی جائے جبکہ سی سی ٹی وی کیمرے،میٹل ڈٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کو موثر انداز میں استعمال کیا جائے۔آئی جی پنجاب نے کہا کہ کائونٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)،سپیشل برانچ پنجاب، ٹریفک پولیس،ڈولفن فورس،پیرو فورس اور دیگر فیلڈ فارمیشنز عاشورہ محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات میں پوری ذمہ داری کے ساتھ فرائض سرانجام دیں۔انہوں نے سوشل میڈیا پر فرقہ واریت،مذہبی منافرت اور اشتعال انگیزی کی روک تھام کیلئے سائبر پٹرولنگ اور مانیٹرنگ مزید موثر بنانے کی ہدایت بھی کی۔اجلاس میں واضح کیا گیا کہ لاہور سمیت تمام اضلاع میں صرف طے شدہ روٹس اور مقامات پر ہی جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی جبکہ لائوڈ سپیکر ایکٹ پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے گا۔تمام اضلاع میں محرم کنٹرول رومز فعال رکھے جائیں گے اور سنٹرل پولیس آفس کے مرکزی کنٹرول روم سے چوبیس گھنٹے رابطہ برقرار رکھا جائے گا۔اجلاس میں سی سی پی او لاہور، ایڈیشنل آئی جی سائوتھ پنجاب،ایڈیشنل آئی جی سپیشل برانچ،ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی،ایڈیشنل آئی جی ایلیٹ،کمانڈنٹ پی سی،ایم ڈی سیف سٹیز،تمام آر پی اوز،سی پی اوز اور ڈی پی اوز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی جبکہ دیگر سینئر پولیس افسران بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔