صارفین کو فراہم کی جانے والی ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کی کارکردگی اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 2026 کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے دوران پاکستان کے 18 شہروں میں کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے منعقد کیا۔ پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق سروے کے لئے ایسے راستوں کا انتخاب کیا گیا جو مرکزی شاہراہوں، …
پی ٹی اے کا 2026 کی پہلی سہ ماہی کے دوران پاکستان میں کوالٹی آف سروس سروے

مزید خبریں
اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):صارفین کو فراہم کی جانے والی ٹیلی کمیونیکیشن خدمات کی کارکردگی اور معیار کا جائزہ لینے کے لئے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 2026 کی پہلی سہ ماہی (جنوری تا مارچ) کے دوران پاکستان کے 18 شہروں میں کوالٹی آف سروس (کیو او ایس) سروے منعقد کیا۔ پی ٹی اے سے جاری بیان کے مطابق سروے کے لئے ایسے راستوں کا انتخاب کیا گیا جو مرکزی شاہراہوں، سروس روڈز اور اہم رہائشی و تجارتی علاقوں پر مشتمل تھے۔
پی ٹی اے کی فیلڈ ٹیموں نے جدید خودکار کیو او ایس مانیٹرنگ اور بنچ مارکنگ ٹولز کی مدد سے، موبائل ہینڈ سیٹس کو آٹو ڈیٹیکٹ موڈ میں استعمال کرتے ہوئے وائس کالز، ایس ایم ایس اور موبائل براڈبینڈ/ڈیٹا سیشنز کا معائنہ کیا۔ اس عمل کا مقصد این جی ایم ایس لائسنسز اور سیلولر موبائل نیٹ ورک کیو او ایس ریگولیشنز 2021 کے تحت مقررہ معیارِ خدمات کی تعمیل کا جائزہ لینا تھا۔ متعلقہ لائسنسز اور مذکورہ ضوابط میں مقرر کردہ حدود کے مقابلے میں ہر کلیدی کارکردگی اشاریے (کے پی آئیز) کی تعمیل کی سطح کی بنیاد پر سیلولر موبائل آپریٹرز (سی ایم اوز) کو موبائل نیٹ ورک کوریج، موبائل براڈبینڈ، وائس اور ایس ایم ایس سروسز کے شعبوں میں پہلی سے چوتھی پوزیشن تک درجہ بندی دی گئی۔
سروے کے نتائج سے ظاہر ہوتا ہے کہ مجموعی طور پر سی ایم اوز ڈیٹا منتقلی کی رفتار (ڈاؤن لوڈ اور اپ لوڈ سپیڈ) کے حوالے سے مقررہ معیارات پر پورا اتر رہے ہیں۔ ڈاؤن لوڈ سپیڈ میں جاز مسلسل نمایاں رہا جبکہ ڈیٹا منتقلی کی رفتار میں زونگ کی کارکردگی بہتر رہی تاہم بعض علاقوں میں وائس سروس اور لیٹنسی سے متعلق چند کے پی آئیز مقررہ لائسنس یافتہ حدود سے کم پائے گئے، خصوصاً ٹیلی نار کے لئے۔ ایل ٹی ای کیریئر ایگریگیشن اور وائس اوور ایل ٹی ای جیسی جدید ٹیکنالوجیز استعمال کرنے والے آپریٹرز نے اپنے صارفین کو نسبتاً بہتر معیارِ خدمات فراہم کیا۔
پی ٹی اے نے آپریٹرز کو ضروری ہدایات جاری کی ہیں تاکہ وہ اصلاحی اقدامات بروئے کار لاتے ہوئے ریگولیٹری معیارات کے مطابق اپنی سروسز کے معیار میں مزید بہتری یقینی بنائیں۔ سروے کی تفصیلی رپورٹ عوامی آگاہی کے لئے پی ٹی اے کی ویب سائٹ ttps://www.pta.gov.pk/category/qos-survey پر شائع کر دی گئی ہے۔ یہ سروس کوالٹی مانیٹرنگ اقدام صارفین کو بہتر موبائل خدمات کی فراہمی اور ریگولیٹری معیارات کے مطابق آپریٹرز کے درمیان منصفانہ مسابقت کو فروغ دینے کے لئے پی ٹی اے کے عزم کی توثیق کرتا ہے۔








