وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے فیصل آباد میں مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی۔ملاقات میں صوبائی وزیر بلال اکبر، معاون خصوصی ذیشان ملک، کمشنر فیصل آباد، آر پی او سہیل سکھیرا اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔
صوبائی وزیر اطلاعات کی فیصل آباد میں مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات

مزید خبریں
لاہور۔24جون (اے پی پی):وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمی بخاری نے فیصل آباد میں مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے ملاقات کی۔ملاقات میں صوبائی وزیر بلال اکبر، معاون خصوصی ذیشان ملک، کمشنر فیصل آباد، آر پی او سہیل سکھیرا اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔مجالس اور جلوسوں کے منتظمین میں جعفر نقوی، سید افتخار نقوی، حسنین شیرازی، محمد قاسم، تصدق حسین، عباس حیدر، ممتاز حسین، آغا مہندی اور عمار علی شامل تھے۔ منتظمین نے محرم الحرام کے دوران سہولیات اور انتظامات کی فراہمی پر وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا شکریہ ادا کیا۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عظمی بخاری نے کہا کہ پنجاب پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے افسران مجالس اور جلوسوں کے منتظمین سے مسلسل رابطے میں ہیں تاکہ عزاداروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ عاشورہ کے جلوسوں اور مجالس کا پرامن انعقاد حکومت پنجاب کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔عظمی بخاری نے کہا کہ عزاداروں کے لیے ٹھنڈے پانی کی سبیلوں سمیت دیگر سہولیات کا خصوصی اہتمام کیا جا رہا ہے
جبکہ مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے۔ انہوں نے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام کے درمیان مثالی ہم آہنگی کو قابلِ ستائش قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہی اتحاد اور بھائی چارہ امن و امان کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ مجالس اور جلوسوں کے منتظمین کا حکومتی اقدامات اور انتظامات پر اطمینان خوش آئند ہے اور حکومت محرم الحرام کے دوران عوام کے جان و مال کے تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری تندہی سے ادا کرتی رہے گی۔








