نیدرلینڈز کی خواتین ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ2025-26 کا ٹائٹل اپنے نام کرتے ہوئے لاس اینجلس اولمپکس2028 کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا
نیدرلینڈز کی خواتین ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ کا ٹائٹل اپنے نام

مزید خبریں
لاہور۔24جون (اے پی پی):نیدرلینڈز کی خواتین ہاکی ٹیم نے ایف آئی ایچ ہاکی پرو لیگ2025-26 کا ٹائٹل اپنے نام کرتے ہوئے لاس اینجلس اولمپکس2028 کے لیے براہِ راست کوالیفائی کرنے والی پہلی ٹیم بننے کا اعزاز حاصل کر لیا۔انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن کے ترجمان کے مطابق میزبان امریکہ کے بعد نیدرلینڈز وہ پہلی خواتین ٹیم ہے جس نے اولمپکس میں اپنی جگہ یقینی بنائی ہے۔نئے پرو لیگ فارمیٹ کے تحت2025-26 اور 2026-27 سیزن کے چیمپئنز کو آئندہ اولمپک کھیلوں کے لیے خودکار کوالیفکیشن دی جاتی ہے۔
نیدرلینڈز نے سات سیزنز میں چھٹی مرتبہ پرو لیگ کا ٹائٹل جیت کر عالمی ہاکی میں اپنی برتری ایک بار پھر ثابت کر دی۔ڈچ ٹیم نے پورے سیزن میں شاندار اور مسلسل کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ٹیم نے اب تک اپنے تمام11 میچز جیتے جبکہ ارجنٹینا کے خلاف موسم کی خرابی کے باعث منسوخ ہونے والے میچ کے تین پوائنٹس بھی قواعد کے مطابق حاصل کئے۔اس طرح نیدرلینڈز نے اسٹینڈنگز میں ایسی برتری قائم کی جسے حریف ٹیمیں ختم نہ کر سکیں۔بین الاقوامی ہاکی فیڈریشن کے صدر طیب اکرام نے نیدرلینڈز کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ دنیا کی بہترین ٹیموں کیخلاف اس معیار کی لیگ جیتنے کے لیے غیرمعمولی تسلسل اور بہترین کارکردگی درکار ہوتی ہے۔
ان کے مطابق ڈچ خواتین ٹیم نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ عالمی ہاکی کا معیار مقرر کرنے والی ٹیم ہے۔پرو لیگ ٹائٹل کے سائوتھ اولمپکس کی براہِ راست کوالیفکیشن اس کامیابی کو مزید اہم بنا دیتی ہے۔اب نیدرلینڈز اپنی تمام تر توجہ آئندہ بین الاقوامی مقابلوں اور لاس اینجلس اولمپکس میں اپنے اعزاز کے دفاع پر مرکوز کر سکے گا۔دوسری جانب باقی بڑی ہاکی ٹیمیں اولمپک کوالیفکیشن کیلئے کانٹی نینٹل چیمپئن شپ،اولمپک کوالیفائرز اور آئندہ پرو لیگ سیزن میں سخت مقابلہ کریں گی۔
مردوں کے پرو لیگ مقابلوں میں اس وقت بیلجیئم سرفہرست ہے جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا بھی ٹائٹل اور اولمپک ٹکٹ کی دوڑ میں شامل ہیں۔خواتین پرو لیگ کی فاتح نیدرلینڈز ٹیم کو ٹرافی28 جون کو بیلجیئم کے شہر واور میں سیزن کے آخری روز منعقد ہونے والی خصوصی تقریب میں پیش کی جائے گی۔








