وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا فرقہ واریت اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا حکم

عزادارانِ اہلِ بیت کے تحفظ،امن اور سہولت کے لیے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف فرنٹ لائن پر کھڑے ہوکرمانیٹرنگ کی کمانڈ خود سنبھال لی۔ پنجاب میں پہلی بار محرم الحرام میں جدید فیزیکل و سائبر پیٹرولنگ، کیو آر کوڈ پینک بٹن سسٹم،ایل ٹی ای، سی سی ٹی وی، اینٹی سموگ گنزکے انتظامات کیے گئے ہیں۔

لاہور۔24جون (اے پی پی):عزادارانِ اہلِ بیت کے تحفظ،امن اور سہولت کے لیے وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف فرنٹ لائن پر کھڑے ہوکرمانیٹرنگ کی کمانڈ خود سنبھال لی۔ پنجاب میں پہلی بار محرم الحرام میں جدید فیزیکل و سائبر پیٹرولنگ، کیو آر کوڈ پینک بٹن سسٹم،ایل ٹی ای، سی سی ٹی وی، اینٹی سموگ گنزکے انتظامات کیے گئے ہیں۔

وزیر اعلی مریم نواز شریف نے سول سیکرٹریٹ میں پراونشل انٹیلی جنس سینٹر کا دورہ کر کے عاشورہ کے انتظامات، سکیورٹی کے اقدام کا جائزہ لیا اورخود تصدیق کی۔ پنجاب بھر کے ڈی سیز(DCs) اور ڈی پی اوز (DPOs) زوم لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے کہا کہ پنجاب بھر میں سکیورٹی کا جدید نظام متحرک کر دیا۔

انتظامیہ،خفیہ ادارے، پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے ایک پیج پرہیں۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ یونٹس سے بھی براہ راست بات چیت کی اور سکیورٹی ہائی الرٹ رکھنے کا حکم دیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے پراونشل انٹیلی جنس سینٹر کی ڈیجیٹل وال پر تمام جلوسوں اور مجالس کی لائیو سی سی ٹی وی مانیٹرنگ کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے پراونشل انٹیلی جنس سینٹر میں سوشل میڈیا مانیٹرنگ کا بھی تفصیلی معائنہ کیا۔

اس موقع پر وزیراعلی مریم نواز شریف کو پراونشل کنٹرول روم میں سائبر پیٹرولنگ کے فلو چارٹ پر بریفنگ دی گئی۔منفی مواد بلاک یا سست کرنے کے نظام سے آگاہ کیا گیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے فرقہ واریت اور نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنے کا حکم دیا۔بتایا گیا کہ سائبر پیٹرولنگ کے لیے مخصوص ونگ قائم کردیاگیا، سوشل میڈیا کنٹینٹ کی مانیٹرنگ اور تیاری جاری ہے۔

وزیراعلی مریم نوازشریف کو ہوم سیکرٹری کی محرم سکیورٹی،کنٹرول روم، فیزیکل اور سائبر پیٹرولنگ اور نفری کی تعیناتی پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے خود صوبائی کنٹرول روم کے ذریعے تمام جلوسوں کی لائیو سی سی ٹی وی فیڈ کی نگرانی کی تصدیق کی۔اس موقع پر پنجاب بھر میں مجالس کی لوکیشن اور کیٹگری کا ڈیجیٹل میپ پیش کیا گیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے مختلف اضلاع میں جلوسوں کے روٹس کا معائنہ کیا اور سیف سٹی کیمروں کی نگرانی کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی مریم نواز شریف نے اتحاد بین المسلمین کے ساتھ مکمل رابطہ اور ہم آہنگی پر زور دیا۔

دورے کے دوران ہی وزیر اعلی مریم نواز شریف نے ڈی سی پاکپتن سے بہشتی دروازہ واقعہ سے متعلق رپورٹ طلب کرلی۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے محرم کے جلوسوں پر پانی کے چھڑکائو اور سبیلوں کے انتظامات پر اطمینان کا اظہارکیا اور کہا کہ عزاداروں کے تحفظ اور سہولت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، انتظامیہ اور پولیس(آج سے یوم عاشورہ تک) مکمل چوکس رہے، میں خود تمام اضلاع کے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کر رہی ہوں۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ شدید گرمی میں اہلِ تشیع بھائیوں کی مکمل سیفٹی اور سکیورٹی یقینی بنائی جائے، ٹھنڈے اور میٹھے پانی کی سبیلیں ہر صورت لگائی جائیں، تاریخ میں پہلی بار محرم الحرام کے اتنے تفصیلی اور جامع انتظامات ہوئے، تمام کمشنرز اور ڈی سی کا امتحان ہے، کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں ہوگی۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے کہا کہ پہلی بار دور دراز علاقوں کی امام بارگاہوں میں بھی کیو آر کوڈ نصب ہونا اطمینان بخش ہے، کسی قسم کی کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر کی مجالس اور جلوسوں کا ڈویژن اور ضلع وار ڈیٹا مرتب کیا ہے، پراونشل کنٹرول روم ہر ضلع سے براہ راست منسلک ہے، پنجاب کے مختلف اضلاع میں ایل ٹی ای سسٹم فعال ہے، نیٹ ورک بند ہونے کی صورت میں بھی حکومتی رابطہ برقرار رہے گا۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے مدارس میں انگریزی اور حساب کی تعلیم کو لازمی بنانے کی ہدایت کی۔ بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ محرم الحرام کے سکیورٹی انتظامات کے لیے پنجاب پولیس کے1 لاکھ24 ہزار جوان ڈیوٹی پر مامورہیں، پنجاب پولیس کیساتھ ساتھ پاکستانی فوج اور رینجرز بھی حفاظتی فرائض سرانجام دے گی، عوام کے تحفظ اور سکیورٹی اداروں کی معاونت کے لیے بڑی تعداد میں تربیت یافتہ رضاکار بھی متحرک ہیں، ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے امام بارگاہوں پر4,836 کیو آر کوڈ والے پینک بٹن نصب کیے گئے ہیں۔

صوبہ بھر میں جلوسوں، مجالس اور حساس مقامات کی سی سی ٹی وی کیمروں سے رئیل ٹائم مانیٹرنگ جاری رہے گی۔ محکمہ داخلہ پنجاب میں مجموعی امن و امان کی مسلسل نگرانی کے لیے صوبائی کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال ہے۔ ڈیجیٹل میڈیا سیل کی کارروائی،رواں ماہ اب تک6,000 سے زائد قابل اعتراض سوشل میڈیا اکاونٹس اور مواد کے بارے میں پی ٹی اے کو رپورٹ کی جاچکی ہے۔سکیورٹی کو فول پروف بنانے اور غیر مجاز سرگرمیوں کی روک تھام کے لیے صوبے میں ڈرونز کے استعمال پر پابندی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

ڈیجیٹل مانیٹرنگ اور ڈیٹا مینجمنٹ کو موثر بنانے کے لیے پی آئی ٹی بی کے اشتراک کار سے محرم ای پورٹل اپ ڈیٹ کر دی گئی ہے، پنجاب بھر میں دفعہ144 نافذ ہے،جلوس کے روٹس پر چھتوں پر کھڑے ہونے اور اسلحہ نمائش پر مکمل پابندی عائد ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لائوڈ سپیکر کے غلط استعمال، وال چاکنگ اور اشتعال انگیز تقاریر پر سخت پابندی ہے، خلاف ورزی پر متعلقہ اداروں کوکارروائی کا حکم دے رکھا ہے، 9 اور 10 محرم الحرام کو صوبہ بھر میں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی ہوگی، گرمی کی شدت اور گردوغبار سے بچائو کے لیے جلوس کے راستوں پر سموگ گن بھی موجود رہیں گی،

عزاداروں کی سہولت کے لیے جلوسوں کے روٹس پر ٹھنڈے پانی کی سبیلوں کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ریسکیو 1122، محکمہ صحت، سول ڈیفنس اور بلدیاتی ادارے باہمی اشتراک کار سے فیلڈ میں متحرک ہیں۔ کابینہ کمیٹی برائے امن و امان نے پنجاب کے تمام9 ڈویژنز کے دورے مکمل کیے ہیں۔ اپریل /مئی سے جاری تیاریوں کی بدولت محرم الحرام کے ابتدائی7 ایام مکمل طور پر پرامن اور محفوظ رہے۔

مزید خبریں