جنرل ہسپتال میں پیڈیاٹرک وینٹیلیشن پر تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

بچوں کو عالمی معیار کی طبی سہولیات کیلئے نوجوان ڈاکٹروں کی تربیت ناگزیر ہے، پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین

لاہور۔24جون (اے پی پی):میڈیکل سپرنٹنڈنٹ جنرل ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین نے کہا کہ بچوں کے بہتر علاج معالجے اور انہیں عالمی معیار کی طبی سہولیات کی فراہمی کیلئے نوجوان ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ مہارتوں اور کلینیکل صلاحیتوں میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے،جس کے لیے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایل جی ایچ میں پیڈیاٹرک کریٹیکل کیئر کے جدید رجحانات،پیڈیاٹرک وینٹیلیشن اور نازک حالت میں بیمار بچوں کی دیکھ بھال کے موضوع پر منعقدہ تربیتی ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تربیتی سیشن میں پروفیسر محمد شاہد اور پروفیسر حسن سلیمان سمیت پیڈیاٹرک کریٹیکل کیئر ٹیم کے ارکان، سینئر فیکلٹی اور نوجوان ڈاکٹرز کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ ٹریننگ ورکشاپ میڈیکل ریسرچ اور جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ ہونے میں کلیدی کردار ادا کرے گی جس کا براہِ راست فائدہ تشویشناک حالت میں ہسپتال لائے جانے والے ننھے مریضوں کو پہنچے گا اور ان کا علاج معالجہ مزید بہتر اور موثر انداز میں ممکن ہو سکے گا۔ورکشاپ کے دوران پیڈیاٹرک انٹنسو کیئر یونٹس میں زیرِ علاج بچوں کے لیے وینٹیلیشن کی جدید ترین حکمتِ عملیوں، سانس کی بحالی کے لیے استعمال ہونے والی نئی ٹیکنالوجیز اور شواہد پر مبنی طبی طریقوں (Evidence-based practices) پر تفصیلی روشنی ڈالی گئی۔شرکا نے ریسرچ اور جدید مشینری کے عملی استعمال کے طریقوں پر بھی تبادلہ خیال کیا تاکہ مریضوں کی جان بچانے کے عمل کو مزید محفوظ بنایا جا سکے۔ورکشاپ کے شرکا نے ماہرین اطفال کے اس تربیتی اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسی تعلیمی سرگرمیاں نوجوان ڈاکٹرز کی پیشہ ورانہ مہارت کو نکھارنے، مریضوں کے تحفظ کو یقینی بنانے اور بچوں کے علاج کا معیار بلند کرنے کے لیے ناگزیر ہیں۔اس موقع پر ہیلتھ پروفیشنلز نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ بچوں کے لیے صحت کی اعلی خدمات کو برقرار رکھنے کے لیے مسلسل سیکھنے کا عمل اور باہمی تعاون کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا۔

مزید خبریں