امریکامیں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خطے اور عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف، قیادت کی دانشمندانہ پالیسیوں کو خراجِ تحسین
امریکامیں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خطے اور عالمی امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کی تعریف، قیادت کی دانشمندانہ پالیسیوں کو خراجِ تحسین
نیویارک ۔25جون (اے پی پی):امریکامیں مقیم پاکستانی کمیونٹی نے خطے اور عالمی سطح پر امن کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے ملک کی سفارتی کوششوں اور قیادت کی دانشمندانہ پالیسیوں کو خراجِ تحسین پیش کیاہے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) امریکا کے زیر اہتمام منعقدہ ایک تقریب میں مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں اور نیویارک، نیو جرسی اور کنیکٹی کٹ سمیت ٹرائی اسٹیٹ علاقے سے تعلق رکھنے والے پاکستانی نژاد امریکیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی عامر احمد اتوزئی تھے۔مقررین نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی لانے کے لیے پاکستان کے ثالثی اور سہولت کاری کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ امن، مکالمے اور علاقائی استحکام کے فروغ کے لیے مثبت اور تعمیری کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے پاکستان کی موجودہ قیادت کے وژن، تدبر اور سفارتی حکمت عملی کی تعریف کرتے ہوئے ملکی اور علاقائی سلامتی کے لیے افواج پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، تیاری اور قومی مفادات کے تحفظ کے عزم کو بھی سراہا۔
اپنے خطاب میں قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے کہا کہ پاکستان اختلافات کے حل اور علاقائی و عالمی استحکام کے فروغ کے لیے ہمیشہ امن، بات چیت اور سفارت کاری کو ترجیح دیتا آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان نے ہر اس کوشش کی حمایت کی ہے جس کا مقصد کشیدگی میں کمی، باہمی افہام و تفہیم اور ممالک کے درمیان تعمیری روابط کو فروغ دینا ہو۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سفارتی کاوشیں خطے اور دنیا میں امن کے قیام کے ساتھ ساتھ انسانیت کے وسیع تر مفاد کے لیے اس کے عزم کی عکاس ہیں۔
قونصل جنرل نے موجودہ پاکستانی قیادت کی سفارتی سرگرمیوں اور امن کے فروغ کے لیے کیے گئے اقدامات کو بھی سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی امن پسندی قومی اتحاد، ذمہ دار قیادت اور مضبوط اداروں کے تعاون سے مزید مستحکم ہوتی ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے پاکستان کی جانب سے عالمی امن، بین الاقوامی تعاون اور اقوام کے درمیان مکالمے کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔









