داتا گنج بخش کے 983ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز
داتا گنج بخش کے 983ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا آغاز ، پاکستا ن کو دنیا میں تنہا کر نے والے خود تنہا ہو گئے، اسحاق ڈار
لاہور۔25جون (اے پی پی):حضرت علی بن عثمان ہجویری المعروف داتا گنج بخش کے 983ویں سالانہ عرس کی تقریبات کا آغازجمعرات کے روز مزار کو غسل کی تقریب سے ہو گیا ۔مہمان خصوصی نائب وزیراعظم و وزیرخارجہ محمداسحاق ڈار نے مزار کو عرق گلاب سے غسل دیا اور چادر پوشی کی۔غسل کی تقریب میں صوبائی وزرا بلال یاسین،خواجہ سلمان رفیق اور معاون خصوصی وزیر اعلی پنجاب علی ڈار نے شرکت کی ۔
تقریب میں علما و مشائخ سمیت ملک بھر سے آئے زائرین نے بھی شرکت کی جب کہ معروف نعت خوانوں نے بارگاہ رسالت میں گلہائے عقیدت کے نذرانے پیش کیے۔ تقریب کے بعد نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے میڈیا سے گفتگو کر تے ہو ئے کہا کہ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیر اعظم محمد شہباز شریف ، قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی جانب سے قوم کو داتا صاحب کے عرس کی دلی مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ داتا دربار کی توسیع کا سہرا وزیر اعلی پنجاب ا ور ان کی ٹیم کے سرہے۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ امریکا ایران جنگ میں پاکستان نے ثالثی کا کردار ادا کیا ۔
انہوں نے کہا کہ سینتالیس سال بعد ایران امریکا مذاکرات کی میز پر بیٹھے،ایران اور امریکا کے معاملہ پر ہمارا کام سہولت کاری تھا، بطور سہولت کار ہم تشہیر نہیں کرسکتے،معاہدہ پر دستخط ہو ئے تو اس کو قومی اسمبلی کے ریکارڈ پر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے میزبانی کی آفر کی تو کچھ لوگوں نے کہا کہ مذاکرات کسی دوسرے ملک میں رکھ دیں کیونکہ پاکستان پہنچنے میں بیس گھنٹے لگتے ہیں۔
اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ ہم سب کواسلام آباد میمورنڈم پر خوش ہونا چاہئے، 18 جون کو جی سیون کی میٹنگ میں امر یکی صدر ٹرمپ نے کہاکہ معاہدہ پر الیکٹرونک دستخط کردیں، پھر وزیر اعظم محمد شہبازشریف نے بھی ایران امریکا معاہدہ پر دستخط کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان جس کے بارے کہا جاتا تھا کہ سفارتی طورپر تنہا ہوگیا ہے اب دنیا کوپتہ چل گیا کہ حقیقت میں تنہا کون ہوا ہے ۔اسحاق ڈار نے کہا کہ اٹھائیس فروری کو ایران پر حملہ ہوا تو پاکستان نے اس حملہ کی بھر پور مذمت کی تھی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اللہ نے ایٹمی قوت بنایا ہے اب اسے معاشی قوت بنانا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم امن پسند ہیں اوراپنا دفاع کرنا جانتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ورثہ میں خراب معاشی صورتحال ملی جس کو ٹھیک کرنے میں کا فی حد تک کامیابی ملی ہے۔اسحاق ڈار نے کہا کہ موجودہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقہ سمیت تاجروں کو ہر ممکن ریلیف دیا گیا ہے۔









