محرم انتظامات: رانا سکندر حیات اور سلمیٰ بٹ کا وہاڑی کا دورہ، انتظامات کا جائزہ
صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور معاونِ خصوصی سلمیٰ بٹ کا وہاڑی کا دورہ

مزید خبریں
وہاڑی۔25 جون (اے پی پی):وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات اور معاونِ خصوصی وزیر اعلیٰ سلمیٰ بٹ نے وہاڑی کا دورہ کیا اور محرم الحرام کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔
اس موقع پر ڈپٹی کمشنر وہاڑی خالد جاوید گورائیہ، ڈی پی او تصور اقبال اور ممبر صوبائی اسمبلی میاں ثاقب خورشید بھی ان کے ہمراہ تھے۔ وفد نے ضلعی کنٹرول روم کا معائنہ کیا جہاں محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لیے کیے گئے سیکیورٹی انتظامات، لائیو مانیٹرنگ سسٹم، کیمروں اور مواصلاتی نظام کا جائزہ لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی او نے محرم الحرام کے سیکیورٹی پلان، جلوسوں اور مجالس کی تعداد، کیٹیگریز، روٹس، برآمدگی و اختتام کے مقامات، اوقات کار، ٹربل پوائنٹس اور سائبر کرائم مانیٹرنگ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ وفد کو جلوسوں کے راستوں پر فراہم کی جانے والی سہولیات جن میں موبائل و فکسڈ سبیلیں، کلینک آن ویلز، مسٹ اسپرے مشینیں، پانی کا چھڑکاؤ، موبائل واش رومز اور دیگر انتظامات شامل تھے، کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے محرم الحرام کے انتظامات اور سیکیورٹی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ میاں ثاقب خورشید نے امن و امان کے قیام میں ملی یکجہتی کونسل کے کردار کو اجاگر کیا جبکہ صوبائی وزیر نے بھی ملی یکجہتی کونسل کی خدمات کو سراہا۔ رانا سکندر حیات اور سلمیٰ بٹ نے کنٹرول روم میں ڈیوٹیاں انجام دینے والے تمام محکموں کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی جانب سے شاباش دی۔ بعد ازاں ڈپٹی کمشنر نے ریل بازار بیوٹیفکیشن منصوبے پر بھی بریفنگ دی جس پر صوبائی وزیر اور معاونِ خصوصی نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے منصوبے کی تعریف کی۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل غلام مرتضیٰ، اسسٹنٹ کمشنر وہاڑی انعم اکرم اور دیگر متعلقہ محکموں کے افسران بھی موجود تھے








