جنوبی کوریا کا شمالی کوریا کے مقابلے کے لیے 5 لاکھ "ڈرون وارئیرز” تیار کرنے کا اعلان
جنوبی کوریا کا شمالی کوریا کے مقابلے کے لیے 5 لاکھ "ڈرون وارئیرز” تیار کرنے کا اعلان

مزید خبریں
سیئول۔26جون (اے پی پی):جنوبی کوریا نے شمالی کوریا سے درپیش سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر اپنی ڈرون اور انسدادِ ڈرون صلاحیتوں میں بڑے پیمانے پر توسیع کا اعلان کرتے ہوئے 5 لاکھ "ڈرون وارئیرز” (ڈرون آپریٹرز) کو تربیت دینے کا منصوبہ پیش کیا ہے۔
رائٹرز کے مطابق جنوبی کوریا کی وزارتِ دفاع کے مطابق 2029 تک بری، بحری، فضائیہ اور میرین فورسز کے لیے ایک لاکھ 10 ہزار ڈرون تیار کیے جائیں گے، جبکہ سرحدی یونٹس میں ہزاروں بغیر پائلٹ کے نظام بھی تعینات کیے جائیں گے۔
منصوبے کا مقصد ڈرونز کو ہر فوجی کے لیے ایک بنیادی جنگی ہتھیار بنانا ہے۔وزیرِ دفاع آہن گیو بیک نے بریفنگ کے دوران کہا کہ ڈرونز اب صرف مخصوص یونٹس تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ انہیں ہر فوجی کے "دوسرے ذاتی ہتھیار” کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سکیورٹی خدشات کے پیشِ نظر تمام ڈرونز میں 100 فیصد مقامی طور پر تیار کردہ پرزے استعمال کیے جائیں گے اور چینی ساختہ پرزوں پر انحصار نہیں کیا جائے گا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب جنوبی اور شمالی کوریا دونوں یوکرین اور مشرقِ وسطیٰ کے تنازعات سے حاصل ہونے والے تجربات کی روشنی میں اپنی ڈرون صلاحیتوں میں تیزی سے اضافہ کر رہے ہیں، جہاں بغیر پائلٹ کے نظام جنگی حکمتِ عملی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔








