امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو 60 سے زائد ممالک کے انسدادِ سیاسی دہشت گردی اجلاس کی میزبانی کریں گے
امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو 60 سے زائد ممالک کے انسدادِ سیاسی دہشت گردی اجلاس کی میزبانی کریں گے

مزید خبریں
واشنگٹن ۔26جون (اے پی پی):امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو 15 جولائی کو واشنگٹن میں سیاسی تشدد کے بڑھتے ہوئے رجحان سے نمٹنے کے لیے ایک اعلیٰ سطحی وزارتی اجلاس کی میزبانی کریں گے، جس میں دنیا کے 60 سے زائد ممالک کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔رائٹرز کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ کے ایک عہدیدار کے مطابق اجلاس میں مغربی نصف کرے، یورپ اور ایشیا سمیت مختلف خطوں سے وزراء اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے۔
اجلاس میں سیاسی بنیادوں پر ہونے والے تشدد اور دہشت گردی کے بڑھتے خطرات سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر غور کیا جائے گا۔یہ اجلاس امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے مئی میں منظور کی گئی نئی انسداد دہشت گردی حکمت عملی کے تحت منعقد کیا جا رہا ہے، جس کا مقصد ایسے پرتشدد گروہوں کی نشاندہی اور ان کا سدباب کرنا ہے جو سیاسی بنیادوں پر دہشت گردی اور تشدد کو فروغ دیتے ہیں۔
محکمہ خارجہ کے عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ امریکہ کی انسداد دہشت گردی پالیسی کو موجودہ عالمی خطرات کے مطابق جدید بنانے کی ضرورت ہے تاکہ امریکی شہریوں، قومی سلامتی اور مفادات کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔عہدیدار کے مطابق امریکی حکمت عملی میں سیاسی قتل، اغوا، حکومتی اداروں اور قانون نافذ کرنے والے اہلکاروں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں، اہم تنصیبات اور فوجی اہداف پر حملوں سمیت دہشت گردی کی تمام سرگرمیوں کا مقابلہ کیا جائے گا۔








