حضرت امام حسینؑ اور جانثار رفقاء کی لازوال قربانی تاریخِ انسانی کے عظیم ترین مظاہرِ جرات، استقامت اور ظلم کے خلاف حق کی سربلندی کی روشن مثال ہے، اعظم نذیر تارڑ
حضرت امام حسینؑ اور جانثار رفقاء کی لازوال قربانی تاریخِ انسانی کے عظیم ترین مظاہرِ جرات، استقامت اور ظلم کے خلاف حق کی سربلندی کی روشن مثال ہے، اعظم نذیر تارڑ
اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف و انسانی حقوق سینیٹر اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ کربلا میں حضرت امام حسینؑ اور ان کے جانثار رفقاء کی لازوال قربانی تاریخِ انسانی کے عظیم ترین مظاہرِ جرات، استقامت اور ظلم کے خلاف حق کی سربلندی کی روشن مثال ہے۔ حق، انصاف، انسانی وقار اور اصولوں پر غیر متزلزل ثابت قدمی کا جو پیغام امام حسینؑ نے اپنی قربانی سے دیا، وہ آج بھی دنیا بھر میں انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔
وزارت قانون و انصاف کی جانب سے جاری بیان میں وفاقی وزیر نے کہا کہ واقعۂ کربلا ہمیں عدل، صبر، ایثار، رواداری اور انسان دوستی جیسی آفاقی اقدار کی یاد دلاتا ہے۔ یومِ عاشورہ کے موقع پر ہمیں ان تعلیمات پر غور کرتے ہوئے اپنے معاشرے میں برداشت، قومی یکجہتی، باہمی احترام اور سماجی ہم آہنگی کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا عہد کرنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ اس مقدس دن پر ہم حضرت امام حسینؑ کے عظیم ورثے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انسانی وقار کے تحفظ، کمزور اور محروم طبقات کے حقوق کے فروغ، اور ایک پُرامن، جامع اور منصفانہ پاکستان کی تعمیر کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرتے ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں حق و صداقت کے راستے پر چلنے کی توفیق عطا فرمائے اور ہمارے وطنِ عزیز کو امن، استحکام اور خوشحالی سے نوازے۔









