یورپی یونین کا ترکیہ کو قبرص کو نظر انداز کرنے پر سخت انتباہ، اقوام متحدہ کلائمٹ سمٹ سے قبل سفارتی کشیدگی

یورپی یونین کا ترکیہ کو قبرص کو نظر انداز کرنے پر سخت انتباہ، اقوام متحدہ کلائمٹ سمٹ سے قبل سفارتی کشیدگی

لگژمبرگ۔26جون (اے پی پی):یورپی یونین نے ترکی کو آئندہ اقوام متحدہ کلائمٹ سمٹ (کوپ31) کی تیاریوں میں قبرص کو نظر انداز کرنے پر سخت تنبیہ کرتے ہوئے اس اقدام کو "ناقابلِ قبول” قرار دیا ہے، جس کے بعد سفارتی کشیدگی میں اضافہ ہو گیا ہے۔رائٹرز کے مطابق یورپی یونین کے رکن ملک قبرص نے شکایت کی ہے کہ اسے ترکی کی جانب سے نیویارک اور ٹوکیو میں ہونے والے کو پ31 سے متعلق دو ابتدائی اجلاسوں میں مدعو نہیں کیا گیا۔ ترکی نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قبرص کو ان سرگرمیوں میں شامل نہیں کیا گیا۔

ترکیہ اس سال نومبر میں کوپ 31 کی میزبانی کرے گا، جہاں تقریباً 200 ممالک عالمی حدت میں کمی اور ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے اقدامات پر مذاکرات کریں گے۔ تاہم اجلاس کی میزبانی کے باوجود اقوام متحدہ کے مذاکرات کی قیادت آسٹریلیا کرے گا۔یورپی یونین کے کلائمیٹ کمشنر وپکے ہویکسترا نے کہا کہ تمام 27 رکن ممالک کے ساتھ یکساں سلوک ضروری ہے، اور قبرص کو نظر انداز کرنا ناقابلِ قبول رویہ ہے۔

ان کے مطابق اس معاملے پر یورپی یونین متحد ہے اور اس نے اقوام متحدہ اور ترکی کے یورپی سفارت خانے سے بھی احتجاج کیا ہے۔ترکیہ قبرص کی یونانی حکومت کو تسلیم نہیں کرتا اور صرف شمالی قبرص کی علیحدہ انتظامیہ کو تسلیم کرتا ہے، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ سفارتی تنازع موجود ہے۔