شہادتِ امام حسینؑ حق و باطل کے درمیان ابدی معیار اور انسانیت کےلئے روشن مینار ہے،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان

شہادتِ امام حسینؑ حق و باطل کے درمیان ابدی معیار اور انسانیت کےلئے روشن مینار ہے،وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ عاشورہ دین اسلام کی سربلندی، قربانی اور ثابت قدمی کا عظیم درس دیتا ہے، شہادتِ امام حسینؑ حق و باطل کے درمیان ابدی معیار اور انسانیت کیلئے روشن مینار ہے۔

یوم عاشور پر اپنے بیان میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ واقعہ کربلا ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور اصولوں پر قائم رہنے کا لازوال پیغام دیتا ہے، شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں امتِ مسلمہ کیلئے ایثار، وفا، صبر اور حق پرستی کی روشن مثال ہیں۔

عبدالعلیم خان نے کہا کہ آلِ محمدؐ نے ہر آزمائش کے باوجود حق کا پرچم سربلند رکھا، اُن کا کردار مشعلِ راہ ہے، یومِ عاشورہ حق، استقامت، صبر اور رضائے الٰہی کی یاد دلاتا ہے۔

صدر استحکام پاکستان پارٹینے کہا کہ مذہبی ہم آہنگی اور اخوت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت اور ترقی کی ضمانت ہے،شہدائے اسلام کی قربانیوں نے انسانیت کو عزت، حوصلہ اور جدوجہد کا راستہ دکھایا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ وطن عزیز اورملکی سلامتی کیلئے پاک فوج کی قربانیاں لائق تحسین ہیں،شہداء کربلا کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔