واقعۂ کربلا رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی،صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات

واقعۂ کربلا رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی،صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات

ڈیرہ مراد جمالی۔ 26 جون (اے پی پی):پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے بیان میں کہا ہے کہ واقعہ کربلا حق صداقت صبر اور قربانی کی عظیم داستان ہے جو رہتی دنیا تک انسانیت کے لیے مشعلِ راہ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کربلا کی تپتی ریت پر جب پانی بند کر دیا گیا تو حضرت امام حسینؓ نے ہر قسم کی مشکلات اور مصائب کے باوجود حق اور انصاف کا دامن نہیں چھوڑا ۔

انہوں نے ظلم و جبر کے سامنے سر جھکانے کے بجائے شہادت کو ترجیح دی اور اپنے عظیم کردار سے دنیا کو یہ درس دیا کہ سچائی اور اصولوں پر قائم رہنا ہی اصل کامیابی ہے میر سلیم احمد کھوسہ نے کہا کہ واقعہ کربلا ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ جیت ہمیشہ تعداد طاقت یا وسائل کی نہیں بلکہ حق سچ اور اصولوں کی ہوتی ہے حضرت امام حسینؓ اور ان کے جانثار ساتھیوں نے عظیم قربانیاں دے کر اسلام کی سربلندی اور انسانیت کی بقا کے لیے لازوال مثال قائم کی۔

انہوں نے کہا کہ کربلا میں حضرت حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کے پیاس سے ہونٹ سوکھ گئے تھے سر کٹ گیا مگر ظلم کے آگے جھکے نہیں۔ صوبائی وزیر میر سلیم احمد خان کھوسہ نے کہا کہ ہمیں حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا کی عظیم قربانیوں کو یاد کرتے ہوئے ان کے راستے پر چلنے، حق و انصاف کا ساتھ دینے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔