کربلا کا واقعہ حق پر ڈٹ جانے اور باطل کے خلاف قیام کی ابدی علامت ہے،وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق

کربلا کا واقعہ حق پر ڈٹ جانے اور باطل کے خلاف قیام کی ابدی علامت ہے،وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کربلا کا واقعہ صبر، قربانی، حق پر ڈٹ جانے اور باطل کے خلاف قیام کی ابدی علامت ہے۔

وزارت قومی غذائی تحفظ و تحقیق کی جانب سے جاری پیغام میں وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے رفقاء نے جو قربانی دی، وہ ہمیں یہ درس دیتی ہے کہ اصولوں پر سمجھوتہ نہ کیا جائے، ظلم کے آگے سر نہ جھکایا جائے اور انسانیت کی خدمت کو عبادت سمجھا جائے۔

یوم عاشور ہمیں اتحاد، بھائی چارے، رواداری اور امن کا پیغام دیتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر حکومت عزاداروں کو تمام ممکنہ سہولیات فراہم کر رہی ہے۔ سیکیورٹی، صفائی، لائٹنگ، پانی اور طبی امداد کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ محرم کے مقدس ایام پرامن طریقے سے گزریں۔

رانا تنویر حسین نے عوام سے اپیل کی کہ یوم عاشورہ کے تقدس کا احترام کریں۔ نفرت انگیز تقاریر، فرقہ واریت اور سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے سے گریز کریں۔ قانون کی پابندی کریں اور انتظامیہ و سکیورٹی اداروں سے تعاون کریں۔ مشکوک سرگرمی فوراً 15 پر رپورٹ کریں۔

وفاقی وزیر رانا تنویر حسین نے کہا کہ آئیے ہم سب مل کر کربلا کے پیغام کو عام کریں۔ پاکستان کو ایک پرامن، متحد اور روادار ملک بنانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اللہ تعالیٰ ہمیں امام حسینؑ کے نقشِ قدم پر چلنے کی توفیق دے۔

مزید خبریں