وفاقی دارالحکومت میں عاشورہ سکیورٹی کیلئے 4 ہزار اہلکار تعینات

وفاقی دارالحکومت میں عاشورہ سکیورٹی کیلئے 4 ہزار اہلکار تعینات

اسلام آباد۔26جون (اے پی پی):یوم عاشور کی سکیورٹی کے لیے جمعہ کو وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد کیپٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) پولیس کے4 ہزار سے زائد افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے، جبکہ سینئر پولیس افسران نے سکیورٹی اور ٹریفک انتظامات کی ذاتی طور پر نگرانی کے لیے مختلف امام بارگاہوں اور جلوس کے راستوں کا دورہ کیا۔

پولیس کے ایک اہلکار نے اے پی پی کو بتایا کہ ڈی آئی جی سیف سٹی/ٹریفک محمد ہارون جوئیہ، ڈی آئی جی اسلام آباد محمد جواد طارق اور ڈی آئی جی سکیورٹی رانا عمر فاروق نے سکیورٹی اقدامات کا جائزہ لینے کے لیے مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا جب کہ اے آئی جی لاجسٹکس عبدالحق عمرانی، ایس ایس پی آپریشنز قاضی علی رضا اور چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے بھی سکیورٹی انتظامات کی نگرانی کی۔

آپریشنل تیاریوں کا معائنہ کرنے اور عاشورہ کے جامع سکیورٹی پلان پر موثر عمل درآمد کو یقینی بنانے کے لیے سینئر افسران نے امام بارگاہوں، جلوس کے راستوں اور سیکیورٹی تعیناتی پوائنٹس کا دورہ بھی کیا۔انسپکٹر جنرل پولیس (آئی جی پی) سید علی ناصر رضوی نے ذاتی طور پر یوم عاشور کے لیے تمام سکیورٹی انتظامات اور آپریشنل تعیناتیوں کی نگرانی کی، جبکہ زونل ایس پیز اور دیگر سینئر افسران بھی فیلڈ میں موجود رہے۔

اہلکار کے مطابق دارالحکومت بھر میں محرم کے جلوسوں، مجالس، ریلیوں اور مساجد کی سیکیورٹی کے لیے 4 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے گئے ۔آئی جی پی نے تمام افسران اور اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ پورے محرم الحرام میں اپنے فرائض ایمانداری، پیشہ ورانہ مہارت اور احساس ذمہ داری کے ساتھ ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس شہریوں کے لیے محفوظ ماحول کو یقینی بناتے ہوئے امن، مذہبی ہم آہنگی اور بھائی چارے کو فروغ دینے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔

مزید خبریں