"یومِ عاشورہ پر مؤثر سکیورٹی اور مسلسل نگرانی پُرامن عزاداری، امنِ عامہ اور عوام کے تحفظ کے عزم کا مظہر ہے۔”
یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات،مرکزی جلوس سمیت تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی اعلیٰ سول و پولیس حکام خود کر رہے ہیں،آر پی او راولپنڈی

مزید خبریں
راولپنڈی۔26جون (اے پی پی):یوم عاشور کے موقع پر راولپنڈی میں سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کیے گئے ہیں، جہاں مرکزی جلوس سمیت تمام جلوسوں اور مجالس کی نگرانی اعلیٰ سول و پولیس حکام خود کر رہے ہیں۔
آر پی او راولپنڈی بابر سرفراز الپا، کمشنر راولپنڈی انجینئر عامر خٹک، سی پی او سید خالد محمود ہمدانی اور ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ نے دسویں محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی، ٹریفک اور انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ آر پی او بابر سرفراز الپا نے اس موقع پر بتایا کہ مرکزی جلوس کی سکیورٹی کے لیے راولپنڈی پولیس کے 5 ہزار 500 سے زائد افسران و اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کے لیے ایک ہزار 200 سے زائد ٹریفک پولیس اہلکار فرائض انجام دے رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ سکیورٹی انتظامات میں ایک ہزار سے زائد رضاکار بھی پولیس کے ساتھ معاونت فراہم کر رہے ہیں اور مرکزی جلوس سمیت تمام جلوسوں اور مجالس کے لیے فول پروف حفاظتی اقدامات یقینی بنائے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے روٹ سے ملحقہ گلیوں اور راستوں کو سیل کیا گیا ہے جبکہ بلند و بالا عمارتوں پر ماہر نشانہ باز (سنائپرز) تعینات کیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بروقت نمٹا جا سکے۔ سی پی او سید خالد محمود ہمدانی نے بتایا کہ جلوس میں شریک عزاداروں کو مکمل باڈی سرچ کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جا رہی ہے جبکہ خواتین کی چیکنگ کے لیے لیڈیز پولیس اہلکار خصوصی فرائض انجام دے رہی ہیں۔ تمام شرکاء کو میٹل ڈیٹیکٹرز اور واک تھرو گیٹس کے ذریعے چیک کیا جا رہا ہے تاکہ سکیورٹی کے فول پروف انتظامات یقینی بنائے جا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر بھر میں 2 ہزار سے زائد سیف سٹی اور دیگر نگرانی کے کیمروں کے ذریعے مسلسل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ یوم عاشور کے مرکزی جلوس اور مجالس کی نگرانی سیف سٹی اور مرکزی کنٹرول روم سے لمحہ بہ لمحہ کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یوم عاشور کے موقع پر امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ضلعی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے باہمی تعاون سے بہترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ سی پی او نے کہا کہ راولپنڈی پولیس علماء کرام، امن کمیٹی، تاجر برادری، رضاکاروں اور شہریوں کے تعاون سے شہر میں پرامن ماحول برقرار رکھنے اور یوم عاشور کے تمام مذہبی اجتماعات کے محفوظ انعقاد کے لیے ہمہ وقت متحرک ہے۔








