آئی سی سی کا خواتین کرکٹرز کو آن لائن ہراسانی سے تحفظ کا پروگرام مزید وسیع
آئی سی سی کی خواتین کرکٹرز کو سوشل میڈیا پر آن لائن ہراسانی اور بدسلوکی سے محفوظ رکھنے کیلئے پلیئر پروٹیکشن پروگرام کو مزید وسعت

مزید خبریں
لاہور۔26جون (اے پی پی):انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خواتین کرکٹرز کو سوشل میڈیا پر آن لائن ہراسانی اور بدسلوکی سے محفوظ رکھنے کے لیے اپنے پلیئر پروٹیکشن پروگرام کو مزید وسعت دے دی ہے، جسے فریڈم ٹو ہیئر (سابقہ گو ببل) کے اشتراک سے چلایا جا رہا ہے۔
آئی سی سی ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 سے قبل 50 سے زائد نئی خواتین کرکٹرز نے اس پروگرام میں شمولیت اختیار کی، جس کے بعد اب 100 سے زیادہ خواتین کھلاڑی اس تحفظاتی پروگرام کا حصہ بن چکی ہیں۔ ٹورنامنٹ میں شریک 12 میں سے سات ٹیموں کے علاوہ امپائرز اور براڈکاسٹرز بھی اس پروگرام کے تحت رجسٹرڈ ہیں۔ٹورنامنٹ کے پہلے ہفتے کے دوران اس ٹیکنالوجی نے تقریبا ڈھائی لاکھ سوشل میڈیا تبصروں کا جائزہ لیا، جن میں سے تقریبا 60 ہزار نقصان دہ تبصرے حذف کیے گئے۔ اس کے علاوہ دو ہزار سے زائد بار بار بدزبانی کرنے والے صارفین کی سرگرمیوں پر عارضی پابندیاں عائد کی گئیں جبکہ 370 اکانٹس کو بلاک کر دیا گیا۔انگلینڈ کی وکٹ کیپر بیٹر ایمی جونز نے کہا کہ خواتین ایتھلیٹس کو سوشل میڈیا پر بڑھتی ہوئی منفی رویوں کا سامنا کرنا پڑتا ہے، اس لیے اس پروگرام میں شامل ہونا ان کے لیے انتہائی اہم تھا۔ انہوں نے کہا کہ شائقین کی اکثریت مثبت ہوتی ہے، تاہم چند افراد کی جانب سے ہونے والی بدسلوکی کھلاڑیوں کی ذہنی صحت پر اثر انداز ہو سکتی ہے، ایسے میں آئی سی سی کی جانب سے یہ تحفظ فراہم کرنا خوش آئند اقدام ہے۔بھارت کی اسپنر رادھا یادو نے بھی کہا کہ سوشل میڈیا جہاں مداحوں سے رابطے کا بہترین ذریعہ ہے، وہیں یہ خواتین ایتھلیٹس کے لیے تیزی سے زہریلا ماحول بنتا جا رہا ہے۔ ان کے مطابق اس مسئلے پر کھل کر بات کرنا اور اس کے حل تلاش کرنا ضروری ہے، اسی لیے انہوں نے آئی سی سی پلیئر پروٹیکشن پروگرام میں شمولیت اختیار کی۔اسکاٹ لینڈ کی سارہ برائس، جو 2024 سے اس پروگرام کا حصہ ہیں، نے کہا کہ اس اقدام نے کھلاڑیوں، خصوصا نوجوان کرکٹرز، کو ذہنی سکون فراہم کیا ہے۔ ان کے مطابق سوشل میڈیا کو زیادہ محفوظ بنانا وقت کی اہم ضرورت ہے اور آئی سی سی کی جانب سے تمام کھلاڑیوں کو یہ سہولت فراہم کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔آئی سی سی کے مطابق یہ پروگرام پہلی بار 2024 ویمنز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ سے قبل متعارف کرایا گیا تھا اور اب تمام آئی سی سی ایونٹس میں جاری ہے، تاکہ کھلاڑی مداحوں سے اعتماد کے ساتھ رابطے میں رہ سکیں اور آن لائن ہراسانی سے محفوظ رہیں۔








