ملتان ڈویژن میں یومِ عاشورہ پُرامن طور پر اختتام پذیر
ملتان ڈویژن میں یومِ عاشورہ کے تمام جلوس و مجالس پُرامن اختتام پذیر، مثالی سکیورٹی انتظامات

مزید خبریں
ملتان۔ 26 جون (اے پی پی):ملتان ڈویژن میں یومِ عاشورہ مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ پُرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوگیا۔ ڈویژن بھر میں 224 مجالس اور 283 ماتمی جلوس سخت سکیورٹی انتظامات کے تحت منعقد ہوئے اور تمام جلوس و مجالس اپنے مقررہ وقت پر بخیر و عافیت اختتام پذیر ہوئے۔
کمشنر ملتان ڈویژن عامر کریم خاں کے مطابق پہلی مرتبہ تمام مجالس اور جلوسوں کو سیف سٹی سسٹم سے منسلک کیا گیا، جبکہ 400 سیف سٹی اور 208 سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے مسلسل نگرانی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی کنٹرول روم چوبیس گھنٹے فعال رہا جہاں تمام متعلقہ محکموں کے نمائندگان موجود رہے۔یومِ عاشورہ کے موقع پر جنرل آفیسر کمانڈنگ پاک آرمی نے بھی ڈی سی کنٹرول روم کا دورہ کیا اور کمشنر عامر کریم خاں، آر پی او عثمان گوندل، سی پی او صادق ڈوگر اور ڈپٹی کمشنر نعمان صدیق سے سکیورٹی اور انتظامی اقدامات پر بریفنگ لی۔کمشنر عامر کریم خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب کی زیرو ٹالرنس پالیسی، تمام اداروں کے باہمی تعاون، امن کمیٹیوں، علماء کرام اور مختلف مکاتبِ فکر کے نمائندوں کے بھرپور کردار کے باعث یومِ عاشورہ کے تمام مذہبی اجتماعات پُرامن انداز میں اختتام پذیر ہوئے۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ، پولیس، ریسکیو، محکمہ صحت، بلدیاتی اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مربوط حکمت عملی اور مؤثر رابطہ کاری نے ملتان ڈویژن میں مثالی امن و امان کو یقینی بنایا۔








