وزیر اعظم شہباز شریف کا کراچی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

"کراچی میں فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کا بزدلانہ حملہ ناکام بنانا سکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور عزم کا ثبوت ہے، پوری قوم کو اپنے بہادر جوانوں پر فخر ہے۔” — وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کو ناکام بنانے پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان رینجرز کے جوانوں نے فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کے مذموم عزائم ناکام بنا کر ایک بار پھر اپنی پیشہ ورانہ صلاحیت، بہادری اور فرض شناسی کا مظاہرہ کیا۔

اتوار کو وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا کہ تین دہشت گردوں کو ہلاک اور ایک کو زندہ گرفتار کرکے سکیورٹی فورسز نے فتنہ الہندوستان کے جارہانہ عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن کے دوران وطن پر اپنی جانیں نچھاور کرنے والے شہداء کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ وزیر اعظم نے دعا کی کہ شہداء کے اہل خانہ کو اللہ تعالیٰ صبر جمیل عطا فرمائے، ہم ان کے صدمے میں برابر کے شریک ہیں۔ انہوں نے آپریشن کے دوران زخمی ہونے والوں کی جلد از جلد صحتیابی کیلئے بھی دعا کی۔ وزیر اعظم نے کہا کہ شہداء کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، دہشت گردی کے ہر فتنے کا پوری قوت سے خاتمہ کیا جائے گا۔ فتنہ الہندوستان اور اس کے سرپرست اپنے ناپاک عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ وزیر اعظم نے کہا کہ قوم اپنی بہادر مسلح افواج، رینجرز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک ہماری جدوجہد پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔