صدرِ مملکت آصف علی زرداری کی کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشت گرد حملے کی مذمت

"کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر دہشت گرد حملہ قابلِ مذمت ہے، قوم اپنی سکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے پُرعزم ہے۔” — صدرِ مملکت آصف علی زرداری

اسلام آباد۔28جون (اے پی پی):صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے کراچی میں پاکستان رینجرز (سندھ) کے کیمپ پر بھارتی پراکسی جماعت الاحرار کے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی ہے۔

اتوار کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے حملے میں جامِ شہادت نوش کرنے والے پاکستان رینجرز کے تین جوانوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ بیرونی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد عناصر کے مذموم عزائم کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف اپنی سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔صدرِ مملکت نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی و تعزیت کی اور زخمی اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی۔