"انگلینڈ ویمنز نے نیوزی لینڈ ویمن کو 9 وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 میں اپنی ناقابلِ شکست مہم برقرار رکھی اور ویسٹ انڈیز کی سیمی فائنل میں رسائی کی راہ ہموار کر دی۔”
ٹی20 ورلڈ کپ، انگلینڈ ویمنز نے نیوزی لینڈ ویمن کوشکست سے دیدی
لاہور۔28جون (اے پی پی):انگلینڈ ویمنز نے آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ 2026 کے گروپ کے آخری میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کو9 وکٹوں سے شکست دے کر نہ صرف اپنی ناقابلِ شکست مہم برقرار رکھی بلکہ ویسٹ انڈیز کو بھی سیمی فائنل میں پہنچنے کا موقع فراہم کر دیا۔
اوول میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے6 وکٹوں پر163 رنز بنائے، میلی کیر نے 42، سوفی ڈیوائن نے 14 گیندوں پر30 اور سوزی بیٹس نے19 رنز کی اننگز کھیلی۔ انگلینڈ کے لیے ڈینی گبسن نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ چارلی ڈین کی شاندار ڈائریکٹ ہٹ نے بروک ہالیڈے کی اہم شراکت کا خاتمہ کیا۔ہدف کے تعاقب میں انگلینڈ کو صرف ایک وکٹ کا نقصان اٹھانا پڑا۔ ڈینی وائٹ ہوج نے53 گیندوں پر ناقابل شکست89 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ صوفیہ ڈنکلے نے49 رنز بنا کر ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ دونوں نے دوسری وکٹ کے لیے ناقابل شکست128 رنز کی شراکت قائم کی اور ٹیم کو17.2 اوورز میں فتح دلا دی۔اس کامیابی کے ساتھ انگلینڈ نے گروپ مرحلہ ناقابل شکست ختم کیا، جبکہ دفاعی چیمپئن نیوزی لینڈ ٹورنامنٹ سے باہر ہو گیا۔ ڈینی وائٹ ہوج اس ورلڈ کپ میں اب تک282 رنز بنا کر ایک ہی ایڈیشن میں سب سے زیادہ رنز بنانے والی کھلاڑی بن گئیں۔









